وزارت صحت کا پی ٹی اے سے تمباکو نقصانات کے بارے کالر ٹون نشر کرنے کا مطالبہ

پیر 23 مئی 2022 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2022ء) وزارت قومی صحت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) سے کہا ہے کہ وہ 31 مئی 2022 کو تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر تمام موبائل نیٹ ورکس پر تمباکو کے نقصان کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے کالر ٹون لگائیں ، اس سے عوام کو تمباکو نقصانات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

وزارت صحت نے یہ اقدام کولیشن فار ٹوبیکو کنٹرول پاکستان ( سی ٹی سی طپاک) کی درخواست پر کیا سی ٹی سی پاک پورے پاکستان میں کام کرنے والی 100 سے زائد سول سوسائٹی کا اتحاد ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق پاکستان میں سالانہ 160,000 افراد تمباکو کے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ہر سال ہزاروں نوجوان اور بچے تمباکو کا استعمال شروع کر دیتے ہیں تحقیق کے مطابق 1200 سے 100 بچے روزانہ کی بنیاد پر تمباکو کا استعمال شروع کرتے ہیں جو کہ انسداد تمباکو کے حامیوں کے لیے انتہائی تشویشناک بات ہے۔

(جاری ہے)

ماحول پر تمباکو کی صنعت کا نقصان اور اثر وسیع ہے جو روز بروز بڑھتا جا رہا ہے یہ زمین پر وسائل کے ضیاع کا سبب ہے اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بھی ہے۔ عالمی ادارہ صحت ، ہر سال 31 مئی کو دنیا بھر میں تمباکو نوشی کا عالمی دن (WNTD) مناتا ہے جو تمباکو کے استعمال کے مضر اور مہلک اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرتا ہے۔ WNTD 2022 کا عنوان " تمباکو ہمارے ماحول کے لیے خطرہ" ہے۔ 31 مئی کو ہونے والے پروگرامز کا مقصد عوام کو تمباکو کے استعمال کے خطرات، اس کے مضر صحت اثرات، تمباکو کمپنیوں کے کاروباری طریقوں، دنیا بھر کے لوگوں کے لیے سفارشات، صحت اور صحت مند زندگی کے اپنے حق کا دعویٰ کرنے کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کی حفاظت ممکن ہو سکے۔