فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام 3Pپاکستان کی سولویں بین الاقوامی پلاسٹک ، پرنٹنگ اورپیکجنگ کی نمائش کا انعقاد ایکسپو سینٹر لاہور میں ہو گا

پیر 23 مئی 2022 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام ملک کی سب سے بڑی 3P پاکستان کی تین روزہ نمائش 26سے 28 مئی تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جارہی ہے۔ 3Pپاکستان پلاسٹک پرنٹنگ اورپیکجنگ کی نمائش ملک کا واحد اور منفرد پلیٹ فارم ہے جو ان تینوں شعبہ جات سے منسلک صنعت کاروں ، مینوفیکچررز، سپلائرزاور تاجروں کو جدید ترین مصنوعات کی طرف راغب کرتی ہے اور دنیا بھر میں ان شعبوں میں ہونے والی ترقیات کو ملک میں روشناس کرواتی ہے۔

3Pپاکستان پلاسٹک ، پرنٹنگ اور پیکجنگ کی نمائش کا افتتاح 26مئی 2022ء کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اور انڈسڑی (FPCCI)کے صدر عرفان اقبال شیخ کریں گے تین روزہ نمائش میں آسٹریا، چین ، جرمنی ، اٹلی سنگا پور ، سوئٹزلینڈ سمیت 10ممالک کی 150سے زائد کمپنیاں حصہ لیں گی ۔

(جاری ہے)

فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی کا کہنا ہے کہ 3P" پاکستان کی نمائش پلاسٹک پرنٹنگ اور پیکجنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ اس صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی ۔

گزشتہ منعقد کردہ 15نمائشیں اس امر کی گواہ ہیں"-- پلاسٹک کی صنعت نے دنیا بھر میںاپنا ایک خاص مقام بنایا ہے۔ 6500پروسیسنگ یونٹس کے ساتھ جنوبی ایشیاء کی پلاسٹک انڈسٹری میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے ۔ کراچی ، لاہور ، گوجرانوالہ، پشاور ، فیصل آباد ، حیدرآباد اور راولپنڈی پلاسٹک کی صنعت کے اہم مراکز ہیں نہ صرف پلاسٹک میں بلکہ پیکجنگ کی صنعت میں بھی پاکستان نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرا کیا ہے ۔ برآمد میں اضافے اور پیکجنگ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب نے بھی بیرونی سرمایہ کاروں کو اپنی جانب متوجہ کیاہے۔