پاکستان اورجنوبی امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ

بدھ 25 مئی 2022 12:53

پاکستان اورجنوبی امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) پاکستان اورجنوبی امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جنوبی امریکا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں 54 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 63 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ارجنٹائن، برازیل، یوراگوئے اورجنوبی امریکا کے دیگرممالک کو پاکستان کی برآمدات کاحجم 312.01 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی امریکاکو201.76 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

اپریل 2022 میں جنوبی امریکاکو31.56 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اپریل میں 24.54 ملین ڈالر تھیں۔

(جاری ہے)

مالی سال 2021 میں جنوبی امریکا کوبرآمدات سے ملک کو257.39 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جنوبی امریکا کے خطہ کے ممالک سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 63.30 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جنوبی امریکا سے درآمدات پر977.33 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 596.12 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا،اپریل 2022 میں جنوبی امریکا سے 141.35 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ سال اپریل میں 119.69 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2021 میں جنوبی امریکاسے 897.66 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔\395