ایک ہفتے میں دوسرا ایرانی پولیس آفیسر گاڑی پر فائرنگ میں ہلاک

میجر عباس کے قتل کا طریقہ کار بھی چند روز قبل ہلاک کیے جانے والے کرنل کے قتل سے ملتا جلتا ہے، بریگیڈئر احمد طاھری

ہفتہ 28 مئی 2022 16:35

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) ایران کے جنوبی مشرق صوبے سیستان بلوچستان کے پولیس سربراہ نے بتایا ہے کہ پولیس میں میجر رینک کے افسر کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ ہوا ہے جس میں عباس راہ انجان نامی پولیس افسر ہلاک ہو گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بریگیڈئر احمد طاھری نے بتایا کہ میجر عباس کے قتل کا طریقہ کار بھی چند روز قبل ہلاک کیے جانے والے کرنل کے قتل سے ملتا جلتا ہے۔

(جاری ہے)

میجر عباس انجان کے قتل کی واردات جمعہ کے روز رات دس بجے ہوئی جب مقتول پولیس افیسر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایرانشھر سے واپس لوٹ رہے تھے۔پولیس سربراہ کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس افیسر کو ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ طبی امداد ملنے سے پہلے جل بسے۔ حملہ آوروں سے متعلق بتایا ہے کہ وہ رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔پولیس آفیسر کے قتل کے اسباب معلوم نہیں ہو سکے۔ چند دن قبل ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈ کے اعلی عہدیدار کو ملتی جلتی کارروائی میں قتل کر دیا گیا تھا۔