وزیراعلی سندھ کی محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

ہفتہ 28 مئی 2022 23:11

وزیراعلی سندھ کی محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو 26 منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں جون 2022ء تک مکمل کیا جاسکے،موجودہ ہسپتالوں کی توسیع اور کچھ نئی سہولیات کے عوامی مفاد کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جانا چاہیے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں صحت کے شعبے کے ترقیاتی پورٹ فولیو کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری صحت ذوالفقار شاہ، وزیراعلی کے اسپیشل سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری ورکس عمران عطا سومرو، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ شہاب انصاری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ صحت کے شعبے میں 18.4ارب روپے کی 171 منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں سے 11.3ارب روپے کے 96 منصوبے جاری ہیںجبکہ 7ارب روپے کے 75 نئے منصوبے ہیں۔

اجلاس میں یہ انکشاف کیا گیا کہ حکومت نے 96جاری منصوبوں کے لیے 7.8ارب روپے جاری کیے ہیں اور 3.1 بلین روپے استعمال کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح 75 نئے منصوبوں کے لیے 3.35ارب روپے جاری کیے گئے ہیں اور اس میں سے 1.17ارب روپے استعمال ہوچکے ہیں۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے مختص رقم کا 60فیصد جاری کر دیا ہے لیکن جاری فنڈز کا صرف 29 فیصد کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے نشاندہی کی کہ 75 نئے منصوبوںمیں سے 27کی منظوری دی گئی ہے اور ان پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پی اینڈ ڈی نے 16 منصوبوں کی منظوری دی ہے اور ان کے ایڈوائیز جاری کیے گئے ہیں جبکہ 23 منصوبے صوبائی اور وفاقی فورمز سے منظوری کے مراحل میں ہیں۔ 25 منصوبوں کا پی سی ون زیر عمل ہے۔ اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے لیے اہم چیلنجز ڈالر اور روپے کی قدر میں اضافہ اور 20فیصد جی ایس ٹی کا نفاذ تھا جس سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پی اینڈ ڈی اور محکمہ خزانہ کو منصوبوںکی لاگت میں اضافے کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ ورکس کو جون 2022 ء تک 36 منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :