پشاور،صوبائی وزیر مران بنگش کی زیرصدارت یونیورسٹی آف ہری پوراور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سینٹ کے الگ الگ اجلاس

ہفتہ 28 مئی 2022 23:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2022ء) صوبائی وزیربرائے اعلی تعلیم کامران بنگش (پروچانسلر) کی زیرصدارت ہفتہ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں یونیورسٹی آف ہری پوراور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سینٹ کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ اجلاس میں مذکورہ یونیورسٹیوں کے مالی سال 2022-23 کے بجٹ منظوری کیلئے پیش کئے گئے۔

اجلاس میں مذکورہ دونوں یونیورسٹیوں کے بجٹ کی ترجیحات اور تکنیکی پہلوؤں کاتفصیلی جائزہ لینے کے بعد یونیورسٹی آف ہری پور کیلئے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری دی گئی جبکہ ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے مالی سال2022-23 کے بجٹ کو اصولی طور پر منظورکیاگیااوریونیورسٹی انتظامیہ کوہدایت کی گئی کہ بجٹ کے حوالے سے تحفظات کو دورکیاجائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یونیورسٹی آف ہری ًپور کے گذشتہ جلاس کے منٹس کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے گذشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ اس موقع پرصوبائی وزیربرائے اعلی تعلیم کامران بنگش کا کہناتھاکہ جامعات کوجدید دور کے مطابق تحقیق پر توجہ دینی چاہئیے اور ہدایت کی کہ جامعات میں نئے پروگرام قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ اور اس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کئے جائیں۔

مذکورہ اجلاسوں میں اجلاس میں سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم داؤد خان، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر سیف الاسلام، یونیورسٹی آف ہری پور کے قائمقام وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمدایوب، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر خان، محکمہ خزانہ، محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں سمیت سینٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔