صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آزاد جموں و کشمیر کے محتسب چوہدری محمد نسیم کی ملاقات

وفاقی محتسبین کی مہارت سے استفادہ کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بہترین طرزعمل کو اپنایا جا سکتا ہے. صدر مملکت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 3 جون 2022 18:02

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آزاد جموں و کشمیر کے محتسب چوہدری محمد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جون ۔2022 ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے محتسب اعلی پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے وفاقی محتسبین کے ساتھ قریبی روابط قائم کریں تاکہ ان کی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بہترین طرز عمل کو اپنایا جا سکے. صدر مملکت نے یہ بات آزاد جموں و کشمیر کے محتسب چوہدری محمد نسیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی سیکرٹری محتسب آزاد جموں و کشمیر ابصار حسین جرال اور حکومت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے.

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے محفوظ رکھنے کے لیے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی کے مینڈیٹ کو آزاد جموں و کشمیر میں نقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کام کی جگہ پر ہراسانی کی شکار خواتین کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور ان کے وراثت اور جائیداد کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے. انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے محتسب کو خاص طور پر ٹیکس حکام کی بدانتظامی، بینکنگ اور انشورنس فراڈ اور سرکاری اداروں کی بدانتظامی کے معاملات میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہئے.

صدر مملکت نے محتسب آزاد جموں و کشمیر کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی شرط کے بغیر اپنی شکایات آن لائن یا ٹیلی فون کے ذریعے درج کرنے کے لئے جدید ترین انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) ٹولز کو استعمال کرنے کی ترغیب دے کر اپنی رسائی کو بڑھائے. صدر نے آزاد جموں و کشمیر کے محتسب کے فیصلوں کی پریس اور سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عام لوگوں کو اپنی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے حاصل حقوق سے آگاہی حاصل ہو سکے.

انہوں نے محتسب کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے آزاد جموں و کشمیر کے محکموں اور اداروں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ شکایت کنندگان کو اپنی شکایات کے ازالے کے لئے محتسب کے پاس بھیجیں. محتسب آزاد جموں و کشمیر نے صدر مملکت کو ادارے کی کارکردگی اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا انہوں نے محتسب کی کارکردگی اور فعالیت کو بڑھانے کے لئے متعلقہ قوانین میں ترامیم کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا.