سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام آگاہی واک میں نوجوانوں کا تمباکو سے پاک پاکستان کو فروغ دینے کا عزم

جمعہ 24 جون 2022 20:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2022ء) سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او ) )نے تمباکو فری کڈز پاکستان کے تعاون سے جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں "تمباکو سے پاک پاکستان" کے نعرے کے ساتھ آگاہی واک کا انعقاد کیاگیا جس کا مقصد برٹش امریکن ٹوبیکو کمپنی کی جانب سے منعقد ہونے والے "بیٹل آف دی مائنڈز" مقابلے کے خلاف آواز اٹھانا تھا- برٹشن امریکن ٹوبیکو کے مقابلے کا مقصد بھاری انعامی رقم کا لالچ دے کر نوجوانوں کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔

ایس ایس ڈی او نے اس مہم کا مقابلہ کرنے کے لیے اس واک کا اہتمام کیا اور اس مقابلے کو پردہ میں چھپا پبلسٹی سٹنٹ قرار دیا جس کا مقصد نوجوانوں میں تمباکو کی مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔ باوجود اس حقیقت کے کہ یہ صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

(جاری ہے)

واک کا مقصد تمام عام شہریوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا جہاں وہ اجتماعی طور پر اپنی رائے کا اظہار کر سکیں اور اپنے خیالات کو مرکزی دھارے کے میڈیا اور عام لوگوں تک پہنچا سکیں۔

ایس ایس ڈی او نے اس مقصد کیلئے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو متحرک اور اکٹھا کیا جس میں سول سوسائٹی کی تنظیمیں، صحافی، وکلاء، اور کارکن شامل تھے۔ شرکاء میں سب سے زیادہ حوصلہ افزاء چیز نوجوانوں کی شرکت تھی، جنہوں نے برٹش امریکن ٹوبیکو کی مہم کے خلاف سخت احتجاج کیا، اور تمباکو سے پاک پاکستان کو یقینی بنانے کا عہد کیا۔

طلباء نے اظہار خیال کیا کہ تمباکو نوشی صحت کے لیے ناقابل یقین حد تک خطرناک نتائج کا باعث ہے، جو بیماری اور جلد موت کا سبب بنتی ہے۔ واک میں شریک طلباء کا کہناتھا کہ "تمباکو نوشی کے بارے میں سب سے بری بات یہ ہے کہ اس کے نہ صرف تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، بلکہ دوسروں کے لیے اس کا دھواں بھی اتنا ہی مہلک ہے۔

یہی وجہ ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ عوام میں سگریٹ نوشی پر پابندی کو سختی سے نافذ کیا جائے۔واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا، " برٹش امریکن تمباکو کمپنی کی مہم سے مضبوطی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ وہ نوجوانوں کو اپنی مصنوعات کے استعمال کیلئے ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم، میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوں کہ نوجوان ہی ہیں جو اس واک میں سب سے زیادہ سرگرمی سے حصہ لے رہے ہیں اورصحت مند طرز عمل کو فروغ دینے کی وکالت کر رہے ہیں۔

شرکاء نے عوامی آگاہی کیلئے ایسی واک اور تقریب کے انعقاد پر ایس ایس ڈی او کا شکریہ ادا کیا جہاں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اکٹھے ہو کر بگ ٹوبیکو کے خلاف آواز اٹھا سکیں اور اپنے خیالات کو بیان کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو سکیں۔ شرکاء نے تمباکو سے پاک پاکستان کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا بھی عہد کیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ اس مقصد کیلئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو بھی یقینی بنائے۔