سی آئی پی ایس نسٹ کا امن قائم کرنے میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئےیو این ویمن پاکستان کے ساتھ معاہدہ

پیر 27 جون 2022 23:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی (سی آئی پی ایس) نسٹ اور یو این ویمن پاکستان نے صنفی جوابدہ امن کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے اور مل کر کام کرنے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے پر پرنسپل نسٹ انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ کانفلکٹ سٹڈیز محمد سلیم رضا اور یو این ویمن کی کنٹری ہیڈ شرمیلا رسول نے دستخط کئے۔

اقوام متحدہ کے شعبہ خواتین اور نسٹ۔سی آئی پی ایس نے خواتین، امن اور سلامتی سے متعلق یو این ایس سی کی قرارداد 1325 کے ایجنڈے کو حاصل کرنے میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس کا وسیع تر مقصد امن کی تعمیر اور قیام امن کے شعبے میں اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ساتھ سی آئی پی ایس تربیتی سرگرمیوں کے تعاون اور انضمام کے لئے ایک سازگار ماحول تیار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے اختتامی کلمات میں شرمیلا رسول نے پاکستان کی عالمی سفیر کے طور پر سی آئی پی ایس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سی آئی پی ایس کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی جس نے 15 فیصد خواتین اسٹاف آفیسرز کی تعیناتی کا ہدف حاصل کیا کیونکہ تقریباً 450 خواتین اقوام متحدہ کے مشنز میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ مفاہمتی یادداشت سے امن عمل اور آپریشنز میں صنفی نقطہ نظر کو مربوط کرنے میں تنظیمی تعاون کو تقویت ملے گی۔