طالبہ نے لاہور ویمن یونیورسٹی کی تیسری منزل سے چھلانگ لگادی

بی ایس فزکس کی طالبہ شعبہ سوشل سائنسز کی تیسری منزل سے کود گئی‘ واقعے میں لڑکی کی ٹانگیں فریکچر ہوگئیں‘ اس اقدام کی وجہ معلوم نہ ہوسکی‘ وائس چانسلر نے انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 29 جون 2022 15:50

طالبہ نے لاہور ویمن یونیورسٹی کی تیسری منزل سے چھلانگ لگادی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جون 2022ء ) لاہور ویمن یونیورسٹی کی طالبہ نے جامعہ میں تیسری منزل سے چھلانگ لگادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کی جانب سے مبینہ طور پر تیسری منزل سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی اور اسے فوری سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں معلوم ہوا کہ تیسری منزل سے کودنے کی وجہ سے طالبہ کی ٹانگیں فریکچرہوئی ہیں۔

اس حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ لڑکی بی ایس فزکس کی طالبہ ہے اور اس نے شعبہ سوشل سائنسز کی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی ، طالبہ کے چھلانگ لگانے کی وجہ پتا نہیں چل سکی تاہم وائس چانسلر نے واقعے کی انکوائری کےلیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ دوسری جانب کراچی میں شوہر کے عید پر کپڑے دلانے سے منع کرنے پر خاتون نے 3 بچوں سمیت سمندر میں چھلانگ لگادی ، یہ واقعہ شہر قائد کے علاقے منظور کالونی کی رہائشی ایک خاتون کے ساتھ پیش آیا جس نے اپنے تین بچوں سمیت نیٹی جیٹی پل سے سمندر میں چھلانگ لگادی تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چاروں کو سمندر سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ عائشہ نامی خاتون کا اپنے شوہر کے ساتھ اکثر جھگڑا رہتا تھا ، شوہر نے بچوں کو عیدالفطر پر کپڑے دلانے سے بھی منع کردیا جس پر بچے اداس تھے ، عائشہ بچوں کے چہرے پر اداسی دیکھ کر دلبرداشتہ ہوگئی اور تین بچوں سمیت نیٹی جیٹی پل سے سمندر میں چھلانگ لگادی۔ ادھر کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پسند کی شادی کرنے والا نوجوان پانچ منزلہ عمارت سے گر کر دم توڑ گیا ، جاں بحق نوجوان کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے نے پسند کی شادی کی جس پر اس کی بیوی کے گھر والوں نے مقدمہ درج کروایا تھا ، بیٹے کی ضمانت لی گئی مگر کیس کا تفتیشی افسر عامر گھر آیا اور پچاس ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا، رشوت نہ دینے پر ڈکیتی کے مقدمہ میں تھانے میں بند کرنے کی دھمکی دی ، اسی دوران پولیس نے گھر میں بدمعاشی اور غنڈہ گردی شروع کر دی، بیٹے کو پولیس نے دست و گریبان ہونے پر دھکا دیا جس پر نبیل پانچویں منزل سے نیچے گر گیا۔