وزیر اعلی ٰ پنجاب کا انسداد ڈینگی بارے درست ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر اظہار برہمی، مستند ڈیٹا کیلئے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت

بدھ 29 جون 2022 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے انسداد ڈینگی سے متعلق درست ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر برہمی کااظہار کیا ہے،انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات اور فراہم کردہ ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہیئے،وزیراعلیٰ نے ڈینگی کے مستند ڈیٹا کیلئے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت اور چیف سیکرٹری سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی ہے ، وزیراعلی ٰپنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں کورونا اورڈینگی سے بچا ئوکیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،انہوں نے کہا کہ فیلڈ وزٹ اورروزانہ میٹنگ کرکے انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے،ڈینگی کنٹرو ل کیلئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کی ستائش کی جائے گی اور خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈینگی کنٹرول کیلئے وارڈز اور یونین کونسل کی سطح پر عوامی نمائندوں سے معاونت لی جائے، کورونا،ڈینگی اورکانگو جیسے امراض چیلنج ہیں،مربوط انداز میں کام کرکے دکھانا ہوگا،عوام کو کورونا، ڈینگی اوردیگر امراض سے بچانے کا چیلنج ضرورپورا کریں گے،انہوں نے ہدایت کی کہ اضلاع کی کارکردگی رپورٹ 3 روز میں پیش کی جائے، اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کائونٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں کورونا،ڈینگی اورکانگو وائرس کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور وبائی امراض کے ماہرین نے اپنی تجاویز وسفارشات پیش کیں، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق،ایم پی اے خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری،صوبائی سیکرٹریز،متعلقہ حکام اورماہرین نے شرکت کی جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ ملتان اور شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنرز و چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔