جوبائیڈن کے خطے کے دورے کے بعد ایران سے جوہری معاہدے پر مذکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے ، یورپین سفارتکار

ہفتہ 2 جولائی 2022 21:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2022ء) یورپین سفارتکاروں نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے خطے کے دورے کے بعد ایران سے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے یورپی ثالثی کی کوششیں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں ہفتے کے مذاکرات کے بارے میں آگاہ دو یورپی سفارت کاروں نے کہا کہ دوہا بات چیت میں پیش رفت نہیں ہوئی تاہم معاہدے کو دوبارہ بحال کرنے کی کوششیں اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کی طرف سے تجویز کردہ جولائی کی ڈیڈ لائن کے بعد جاری رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور یورپی سفارتکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا بائیڈن کے دورے کے بعد قطری دارالحکومت میں مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں ۔ مذاکرات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ایک سفارتکار نے بتایا کہ دوحہ مذاکرات میں تیل کی پابندیوں پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔ سفارتکار کا کہنا تھا جن دیگر شعبوں میں فعال طور پر بات چیت کی جا رہی ہے ان میں جنوبی کوریا میں روکے گئے فنڈز تک ایران کی رسائی، ایئر لائنز پر پابندیاں اور پاسداران انقلاب اسلامی کے کاروباری آپریشنز پر عائد جرمانے کا خاتمہ شامل ہیں۔