ایڈوائزر پراجیکٹس واپڈا کی زیر صدارت دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ میں تعمیراتی پیشرفت بارے اجلاس

ہفتہ 2 جولائی 2022 23:23

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2022ء) ایڈوائزر پراجیکٹس واپڈا ناصر حنیف کی زیر صدارت کنٹریکٹر کیمپ میں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ میں تعمیراتی پیشرفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مین ڈیم کے مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، پیشرفت، رائٹ بینک پریفرری روڈ، کیڈٹ کالج چلاس، ہرپن داس ماڈل ویلج، تانگیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ،کمیونیکیشن اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مین ڈیم کے مختلف سائٹس، پریفرری روڈ، کیڈٹ کالج چلاس میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور ایشوز سے متعلق متعلقہ کنٹریکٹرز نے بریفنگ دی۔ایڈوائزر پراجیکٹس واپڈا نے تعمیراتی سرگرمیوں کو اہداف کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈوائزر واپڈا (جیو ٹیک) ڈاکٹر رابعہ چوہدری، جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر/ سی ای او دیامر بھاشا ڈیم محمد یوسف راؤ، واپڈا کے چیف انجینئرز، کنسلٹنٹس کے سینئر حکام اور انجنیئرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ناصر حنیف نے جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر/سی ای او دیامر بھاشا ڈیم محمد یوسف راؤ ،چیف انجنیئرز اور کنسلٹنٹس حکام کے ہمراہ مین ڈیم کے مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔