عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کوحل کرانے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں،ممتاز کشمیری رہنما غلام نبی فائی

پیر 4 جولائی 2022 02:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) ممتاز کشمیری رہنما غلام نبی فائی نے مسلم تنازعات کے حوالے سے عالمی طاقتوں کے دوغلے پن کو اجاگر کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ یوکرین کے عوام کے درد کو بجا طور پر محسوس کرتے ہوئے وہ طاقتیں کشمیر اور فلسطین کے عوام کے دکھوں سے کیوں آنکھیں چرا رہی ہیں؟گزشتہ ہفتے استنبول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واشنگٹن میں قائم ایڈوکیسی گروپ، ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل فائی نے کہا کہ عالمی طاقتیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے میں سلیکٹو ثابت ہوئی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ حقیقت نہیں کہ اقوام متحدہ نے نمیبیا، مشرقی تیمور، جنوبی سوڈان میں مداخلت کی، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا، انتخابات کرائے اور ان ممالک کو بالترتیب جنوبی افریقہ، انڈونیشیا اور سوڈان کے قبضے سے مکمل آزادی دلائی؟عالمی ادارہ یہ کیسے جواز دے سکتا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے معاملے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں ہوا؟فائی نے کہا کہ کشمیریوں کا ڈرائونا خواب 1947 میں شروع ہوا اور یہ آج تک جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری حالات پیدا کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ بعد میں ڈاکٹر فائی نے ترکی کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا سے استنبول کے مرکزی آڈیٹوریم میں ملاقات کی۔ اجلاس سے دیگر کے علاوہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ شکیل احمد، پاک ترک اسٹوڈنٹس گروپ کے صدر حافظ عزیر علی خان اور ثناءرفیق سمیت کارکنان نے بھی خطاب کیا۔