پاکستان ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں ہاکی میچ کاانعقاد

پیر 18 جولائی 2022 17:42

پاکستان ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں ہاکی میچ کاانعقاد
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2022ء) گورنمنٹ آف پنجاب یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کو شایان شان طریقہ سے منانے کے لئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان نے مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کے انعقاد کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کھیلوں کے مقابلہ جات کا آغاز کردیا۔اس سلسلہ میں پروگرام کے آغاز میں مولانا محمد علی جوہر اور سردار عبدالرب نشتر کے نام سے منسوب دو ٹیموں کے درمیان ہاکی میچ ملتان ہاکی اسٹیڈیم سپورٹس کمپلیکس ملتان میں کھیلا گیا۔

جس کے مہمان خصوصی رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان تھے۔ان کے ہمراہ فاروق لطیف ڈی ایس او ملتان بھی تھے۔اس میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد سردار عبدالرب نشتر نے مولانا محمد علی جوہرکو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا۔

(جاری ہے)

رانا ندیم انجم نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام قائداعظمؒ محمد علی جناح کی انتھک محنت اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانی کے بعد عمل میں آیا ہے۔

ہم سب کا فرض ہے کہ ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیں اور ملک پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں۔اس موقع پر کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔19جولائی کو ڈسڑکٹ سپورٹس گراوٴنڈ میں کرکٹ میچ۔20جولاِئی کو شام ساڑھے پانچ بجے فٹبال گراوٴنڈ سپورٹس کمپلیکس میں فٹبال میچ ۔21جولائی کو شام پانچ بجے سپورٹس جمنیزیم میں بیڈ منٹن جبکہ 22جولائی کو شام پانچ بجے سپورٹس جمنیزیم میں ٹیبل ٹینس کے مقابلہ جات منعقد کیے جائیں گے۔