فیصل آباد،تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری

بدھ 27 جولائی 2022 17:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2022ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کردئیے تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرلیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے فیصل آباد کے تمام سرکاری اور نجی کالجز کے سربراہان کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ اپنے اداروں کو تمباکو نوشی سے پاک کالج بنائیں اس حوالے سے اپنے کالج کے اندر تمباکو نوشی سے ممانعت کا بورڈآویزاں کریں۔

ضلعی حکومت پہلے ہی فیصل آباد کو ”تمباکو سے پاک شہر“ بنانے کے لئے مصروف عمل ہے اور عوام میں تمباکو کے استعمال سے لاحق خطرات پر آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹرصادق الحسن نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد تمباکو سے لاحق بیماریوں کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں جن کی روزانہ تعداد438 بنتی ہے ایسے منفی اقدام کی حوصلہ شکنی انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس اینڈ پلاننگ) عابد حسین نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیگرٹ کی لت سے بچانے کے لئے ڈائریکٹوریٹ کالجزکا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز چوہدری امداد اللہ کا کہنا تھاکہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں طالب علموں کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ہماری نوجوان نسل کو اس لت سے بچایا جا سکے اس سلسلہ میں فیصل آباد ڈسٹرکٹ کے طالب علموں میں تمباکو نوشی کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی کیلئے آرٹ مقابلاجات کا بھی انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :