نئے تعینات ہونے والے ڈی جی اینٹی کرپشن رائے منظور ناصر ، سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے عہدوں کا چارج سنبھال لیا

ہفتہ 30 جولائی 2022 12:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2022ء) نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب رائے منظور ناصر اور کیپٹل سٹی پولیس چیف غلام محمود ڈوگر نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ۔رائے منظور ناصر نے چھٹی کے دن افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ڈی جی اینٹی کرپشن نے تمام افسران کو 100 فیصد میرٹ پر کام کرنے کے احکامات دیئے۔

انہوںنے افسران کو وقت کی پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوںنے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمہ کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نے محکمہ کی نئی عمارت کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوںنے کہا کہ اینٹی کرپشن کو مثالی ادارہ بنانا چاہتاہوں، تمام ملازمین ذمہ داری اور فرض شناسی سے اپنا کام کریں، اصلاحات کیلئے حکومت کا تعاون حاصل ہے، کارکردگی میں بہتری کیلئے تمام سیکشنز کے ایس او پیز مرتب کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی کلثوم نواز، ڈائریکٹر ایڈمن عدنان شہزاد، ڈائریکٹر لیگل جام صلاح الدین سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔افسران نے ڈی جی کو ہیڈ آفس اور ریجنل دفاتر میں ویڈیو لنک کانفرنس سسٹم کی انسٹالیشن میں پیشرفت کے حوالے سے ایڈیشنل ڈی جی نے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں نئے تعینات ہونے والے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے بھی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔ سی سی پی آفس آمد پر اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ سی سی پی او لاہور نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد افسران سے ملاقات کر کے محکمانہ امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔