سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو و ریلیف کمشنرپنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز،نقصان کے تخمینہ کےلئے فوری سروے کے احکامات جاری

پیر 1 اگست 2022 13:22

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2022ء) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو و ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان نے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور نقصان کے تخمینہ کےلئے فوری سروے شروع کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کرتے ہوئے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔

کمشنر عثمان انور اور ڈپٹی کمشنر انور بریار نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما آخوند ہمایوں رضا،اراکین اسمبلی کے نمائندگان جمشید خان لنڈ،محمد ارسلان دریشک،محمد عرفان اور افسران اجلاس میں موجود تھے۔ایس ایم بی آر زاہد اختر زمان نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سروے فوری شروع کیا جائے۔

(جاری ہے)

نقصان کے ازالہ کےلئے سروے نہایت اہمیت کا حامل ہے جس میں شفافیت پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سروے میں کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دینگے۔ایس ایم بی آر و ریلیف کمشنر زاہد اختر زمان نے کہا کہ سروے میں اراکین اسمبلیوں کے نمائندے شامل کئے جائیں۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل وٹنری ڈسپنسریوں کی تعداد بڑھائی جائے ضرورت پڑنے پر دیگر اضلاع سے موبائل وٹنری ڈسپنسریاں فوری منگوائی جائیں۔راستے خشک اور صاف ہونے پر ہر متاثرہ بستی تک پہنچا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کھڑے سیلابی پانی میں امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے،سپرے کے ساتھ دیگر احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔سیلاب زدہ علاقوں میں ہرفرد کا طبی معائنہ اور ہر مویشی کی ویکسی نیشن کی جائے ۔ریلیف کمشنر زاہد اختر زمان نے کہا کہ نقصانات کے جلد ازالہ کےلئے کام کیا جائے گا۔پنجاب اور وفاقی حکومت کی طرف معاوضہ کا طریقہ کار جلد فائنل ہوجائے گا۔

کمشنر محمد عثمان انور نے کہا کہ مزید بارشیں نہ ہونے پر تین روز کے اندر ریلیف آپریشن مکمل کرلیں گے۔دلدل اور راستے خراب ہونے سے ریلیف آپریشن میں مشکلات ہیں تاہم دستیاب وسائل کا بہتر استعمال کرکے ہر بستی اور گھر تک پہنچیں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے کہا کہ سیلاب زدگان میں تین ہزار سے زائد تھیلے تقسیم کرچکے ہیں۔اشیاء خوردونوش سے خاندان کی ایک ماہ کی ضرورت پورا ہوسکے گی۔سیلاب زدگان میں 2500 سے زائد خیمے بھی دے چکے ہیں۔\378