9اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 6 اگست 2022 21:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں مثالی امن و امان کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماءکرام ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں علماءکرام کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر معروف عالم دین قاری محمد حنیف جالندھری کی سربراہی میں علماءکرام کے وفد نے امن و امان کے قیام کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سی پی او خرم شہزاد حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ سول سوسائٹی اور مذہبی قیادت ضلع کا امن خراب کرنے والوں کی بھرپور حوصلہ شکنی کیلئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کرے۔

(جاری ہے)

دین اسلام کی تعلیمات بھی ایک دوسرے کو برداشت اور مذہبی آزادی کا درس دیتی ہیں۔اس موقع پر قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ شہر اولیاءکی فضاءصدیوں سے امن کا پرچار کرتی آئی ہے اس محرم الحرام کے دوران بھی تمام مسالک کی جانب سے امن کا پیغام دیا جائے گا۔قبل ازیں سی پی او خرم شہزاد حیدر نے کہا کہ ضلع بھر میں حساس عبادت گاہوں اور مقامات پر سکیورٹی فول پروف بنائی گئی ہے تاکہ کسی بھی واقعے کی صورت میں فوری ریسپانس کیا جاسکے۔اس موقع پر محرم الحرام کے حوالے سے علماءکرام نے مخلتف تجاویز بھی پیش کیں۔