Live Updates

13 اگست کے جلسے کیلئے راولپنڈی کرکٹ گراونڈ کا انتخاب

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج مشاورتی اجلاس میں حتمی منظوری دیں گے

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 8 اگست 2022 14:30

13 اگست کے جلسے کیلئے راولپنڈی کرکٹ گراونڈ کا انتخاب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 8 اگست 2022) تحریک انصاف کے 13 اگست کے جلسے کیلئے راولپنڈی کرکٹ گراونڈ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ تحریک انصاف 13 اگست کی شب راولپنڈی کرکٹ گراونڈ میں جلسہ کرے گی۔ حتمی مشاورت کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماوں کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں عمران خان جلسے کے مقام کیلئے حتمی منظور دیں گے،جبکہ اسلام آباد میں انتظامیہ کی ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں قانونی معاملات پر گفتگو کی گئی ۔ ملاقات بنی گالہ میں ہوئی جس میں سیاسی آئینی اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی ۔

(جاری ہے)

بابر اعوان نے قانونی معاملات پر عمران خان کو بریفنگ دی، ملاقات میں 13 اگست کے جلسے پر بھی مشاورت کی گئی ۔

عمران خان نے کہا کہ 13 اگست کا جلسہ آغاز انقلاب ہو گا،فوری انتخابات کو کوئی نہیں روک سکتا،جنہیں غلط فہمی ہے جلد دور ہو جائیگی۔ عمران خان نے کہا کہ عوام اب عام انتخابات کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ بابر اعوان نے کہاکہ سیاسی میدان میں شکست کھانے والا ٹولہ انتخابات سے بھاگ رہا ہے، شوباز کی نالائق الیون جو مرضی کر لے مقابلہ کریں گے۔

بابر اعوان نے کہا کہ جعلی مقدمات اور جھوٹی تحقیقات عوامی بیانیہ نہیں بن سکیں گی، اب آئی آئی پی ٹی آئی نہیں دو تہائی پی ٹی آئی ہو گا۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کی رات اسلام آباد میں آزادی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے موجودہ فسطائی حکومت سے نمٹنے کا ایک اور منصوبہ تیار کر لیا ہے۔منصوبے کا اعلان وہ آزادی جلسے میں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات