حضرت امام حسین ؓ کا پیغام کسی ایک فقہ و مذ ہب کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے تھا، زین حسین قریشی کاحسینہ کانفرنس سے خطاب

پیر 8 اگست 2022 20:31

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کا پیغام کسی ایک فقہ و مذ ہب کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے تھا شہدائے کربلا نے حق کا ساتھ دیتے ہوئے جو قربانیاں دیں انہیں تاقیامت یاد رکھا جائے گا ، دعا ہے کہ حسینیہ کانفرنس تاقیامت جاری و ساری رہے کیونکہ حسینیہ کانفرنس اتحاد بین المسلمین کی زندہ مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن ثقافت پاکستان کے زیراہتمام رضاہال کچہری روڈ ملتان میں 44ویں حسینیہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پرسابق صوبائی وزیر معین ریاض قریشی نے کہا کہ امت مسلمہ کو آج جن مشکلات و مصائب کا سامنا ہے اس سے نجات کا زریعہ اسوہ شبیری ہے۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی نے کہا کہ شہدائے کربلا نے وقت کے یذید کے سامنے کلمہ حق بلند کیا ، جس قوم کے پاس فکر حسین ؓ ہو وہ قوم کبھی بھی جنگ نہیں ہار سکتی۔

ممتاز دانشور معلمہ زہرا زیدی نے کہا کہ شہدائے کربلا کی تعلیمات پوری امت کے لئے مشعل راہ ہیں اور دنیا و آخرت میں کامیابی کا زینہ ہیں اور آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ امت مسلمہ اسوہ شبیری کو حقیقی معنوں میں اپنائے تو طاغوتی قوتوں کا خاتمہ کیاجاسکتا ہے ۔خطیب اہلسنت مفتی غلام مصطفی رضوی نے کہا کہ اہلبیت ؓکا عظیم مقام ہے جن کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے شہدائے کربلا کی تعلیمات ہم سب کے لئے نجات کا زریعہ ہیں تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی صدر خاورشفقت بھٹہ نے کہا کہ شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں ملتان اولیاءاللہ کی دھرتی ہے ملک کے دیگرحصوں کی طرح ملتان میں بھی شیعہ سنی بھائی مل کرشہدائے کربلا کا غم مناتے ہیں جوآپس میں اتحاد، اخوت، امن اور بھائی چارے کی زندہ مثال ہے۔

ممتاز دانشور سیدزاہد حسین گردیزی،سبطین لود ھی ،شفقت خان لنگاہ، زین بلوچ، علامہ سلیم حیدر(اسلام آباد)،پیر عظمت سلطان (اسلام آباد) ڈاکٹر اکمل مدنی، سبطین رضا لودھی، علامہ وسیم عباس معصومی (قم) کے علاوہ دیگرنے بھی خطاب جبکہ قمر ہاشمی، احمد حسینی، نوید ہاشمی، ثوبیہ ملک، فہیم ساجد،شوکت سعیدی، افتخار مغل، قمر ہاشمی، ملک منظور اعوان،ساجد ملتانی نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔حسینیہ کانفرنس سے ممتاز دانشور ڈاکٹر غضنفر مہد ی، مسلم لیگ ق کی صوبائی صدر شعبہ خواتین نبیلہ رشید نے آن لائن خطاب بھی کیا ۔