کے ایم سی ملازمین سیاست کے بجائے خدمت اور اپنی ڈیوٹی پر توجہ دیں مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنا آئینی حق ہے، سجن یونین

پیر 8 اگست 2022 20:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے ملازمین سیاسی جماعتوں کیلئے کام کرنے کے بجائے خدمت اور اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی پر توجہ دیں۔ مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنا آئینی و جمہوری حق ہے لہٰذا احتجاج قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جائے گا۔ بدامنی، غنڈہ گردی کرنے والوں کیلئے سجن یونین میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

سجن یونین کراچی کے بلدیاتی اداروں کی قدیم ترین رجسٹرڈ یونین ہے جس کی تنظیم نو کی جارہی ہے۔ اجتماعی مسائل کے حل کیلئے عاشورہ محرم کے بعد دوبارہ عملی جدوجہد کا آغاز کیا جارہا ہے لہٰذا ملازمین کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے بجائے عملی طور پر جدوجہد کا حصہ بنیں۔

(جاری ہے)

سجن یونین کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سجن یونین آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن، جسٹس ہیلپ لائن اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر بلدیاتی ملازمین کے مسائل حل کروارہی ہے۔

50 کروڑ کی اسپیشل گرانٹ، براہ راست فنڈ، پنشن گریجویٹی کی کے ایم سی منتقلی، اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل کی فراہمی اہم کارنامے ہیں۔ حکومت سندھ سے ڈی ایم سیز پر واجب الادا 2 ارب 55 لاکھ کے ایم سی کو دلوائے گئے۔ سندھ ہائی کورٹ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان SOP پر دستخط بھی سجن یونین کا اہم کارنامہ ہے۔ موجودہ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، وزیربلدیات، سیکریٹری بلدیات سے ملازمین کے مسائل پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ عدالتوں سے بھی رجوع کیا ہوا ہے۔ ان شآء اللہ جلد ملازمین کے مسائل حل کروائیں گے۔