ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپے کی 'ذاتی طور پر منظوری دی، اٹارنی جنرل

ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کے لوگ محب وطن اور فرض شناس سرکاری ملازم ہیں،میرک گارلینڈ

جمعہ 12 اگست 2022 18:48

ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپے کی 'ذاتی طور پر منظوری دی، اٹارنی جنرل
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا کے گھر پر ڈرامائی چھاپے کی ذاتی طور پر منظوری دی تھی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل نے انتہائی غیر معمولی اقدام کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر کے گھر کے سرچ وارنٹ کو شائع کردیا جائے۔

ملک کے اعلی ترین سرکاری وکیل نے سابق امریکی صدر کی رہائش گاہ پر غیر معمولی چھاپے کی وجہ نہیں بتائی اور اس کارروائی کے بعد ایف بی آئی اور محکمہ انصاف پر بے بنیاد تنقیدی حملوں کی مذمت کی۔میرک گارلینڈ نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ میں نے ذاتی طور پر سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے فیصلے کی منظوری دی، محکمہ اس طرح کے فیصلے کو ہلکا نہیں لیتا۔

(جاری ہے)

اس نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اخلاقی اقدار نے انہیں چھاپہ مارنے کی وجہ کی تفصیل بتانے سے روکا ہوا ہے، میرک گارلینڈ نے کہا کہ انہوں نے فلوریڈا کے جج سے وارنٹ کو عوام میں شائع کرنے کا کہا ہے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے خود عوامی طور پر تلاشی کے عمل کی تصدیق کردی ہے جبکہ اس معاملے میں عوامی مفاد بھی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ چھاپہ جنوری 2021 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاس چھوڑنے کے بعد ان کی رہائش گاہ مار-ای-لاگو منتقل کی گئی خفیہ دستاویزات کے ممکنہ غلط استعمال سے متعلق تلاش کے سلسلے میں تھا۔

سابق امریکی صدر کے فلوریڈا کے پام بیچ میں واقع گھر مار-ای-لاگو اسٹیٹ پر ایف بی آئی اہلکاروں کے چھاپے نے سیاسی تلخیوں کے شکار ملک میں سیاسی گرما گرمی اور کشیدگی میں مزید اضافہ کردیا۔میرک گارلینڈ نے چھاپے کے بعد ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کے اہلکاروں اور حکام کی پیشہ ورانہ مہارت پر کیے گئے بے بنیاد حملوں پر تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ جب عہدیداروں کی ساکھ پر غیر منصفانہ حملے کیے جائیں گے تو میں چپ نہیں رہوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کے لوگ محب وطن اور فرض شناس سرکاری ملازم ہیں۔