نالہ ڈیک میں طغیانی سے قلعہ احمد آباد کے مقام پر ریلوے لائن کا بڑا حصہ بہہ جانے سے ٹرینوں کی آمددورفت معطل

علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین سیالکوٹ سے نارووال ،لاثانی ایکسپریس ٹرین نارووال سے سیالکوٹ نہ جاسکی ،ٹریک کی بحالی کیلئے کام جاری

جمعہ 12 اگست 2022 20:35

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) نالہ ڈیک میں طغیانی سے قلعہ احمد آباد کے مقام پر ریلوے لائن کا بڑا حصہ بہہ جانے سے ٹرینوں کی آمددورفت معطل ہوگئی ۔ ٹریفک انسپکٹر ریلوے جاوید شاہ کے مطابق گزشتہ روز نالہ ڈیک میں قلعہ احمد آباد کے مقام پر بڑے سیلابی ریلے کی آمد سے ریلوے لائن کے نیچے سے مٹی بہہ جانے سے بڑا کھڈا پڑ گیا جس سے علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین سیالکوٹ سے نارووال اور لاثانی ایکسپریس ٹرین نارووال سے سیالکوٹ نہ جاسکی ۔

ٹرینوںکی آمدورفت معطل ہونے سے خصوصا کراچی آنے اور جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ریلوے ٹریفک انسپکٹر جاوید شاہ کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس کو وزیر آباد سے لاہور روانہ کیا گیا اورلاثانی ایکسپریس جو نارووال سے صبح سوا7بجے لاہور جاتی ہے کو لاہور تک کراچی کے مسافروں کو نارووال سے لے کر صبح سوا9بجے روانہ کیا گیا جبکہ سیالکوٹ،چونڈہ،پسروراور،قلعہ احمد آبادسے کراچی جانے والے مسافروں جو قبل از وقت کراچی کے لئے بکنگ کروانے والوں کو بذریعہ فون کال کر کے نارووال پہنچ کر کراچی جانے کے لئے بروقت اطلاع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ٹریفک انسپکٹر کے مطابق لاہور،وزیر آباد اور گوجرانوالہ سے ریلوے کی لیبر تقریباً دو سو کے قریب جن میں لاہور سے دو انجینئر بھی شامل ہیں قلعہ احمد آباد پہنچ چکے ہیںاور تیزی سے ریلوے لائن کی مرمت کا کام جاری ہے ہنگامی بنیادوں پر پتھر بھی قلعہ احمد آباد پہنچ چکا ہے اور اگلی24گھنٹوں میں مرمت کا کام مکمل کرکے ٹریک کو بحال کر دیا جائے گا۔