سپریم کورٹ نے چرس سمگلنگ کیس کے ملزم عدنان خان کی ضمانت منظور کرلی

سب پتہ ہے منشیات کہاں بکتی ہیں وہاں اے این ایف کوئی کاروائی نہیں کرتا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اے این ایف کم از کم اپنا قانون تو پڑھ لے،پڑوسی سے جھگڑا ہوتو اس پر بھی منشیات ڈال دیں،ریمارکس

منگل 16 اگست 2022 17:27

سپریم کورٹ نے چرس سمگلنگ کیس کے ملزم عدنان خان کی ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2022ء) سپریم کورٹ نے چرس سمگلنگ کیس کے ملزم عدنان خان کی ضمانت منظور کرلی ۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی ۔ وکیل ملزم عظمت علی شاہ نے کہاکہ ملزم بائیک پر صرف سوار تھا مالک نہیں تھا۔ وکیل ملزم نے کہاکہ بائیک کا مالک خود چلا رہا تھا۔دوران سماعت سپریم کورٹ اے این ایف حکام پر برہم ہوگئی ۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پراسیکوٹر سے استفسار کیا کہ کیا اے این ایف کے پاس بائیک پر چرس لیجانے کی کوئی معلومات تھیں ۔ پراسیکیوٹر اے این ایف نے کہاکہ بغیر نمبر پلیٹ بائیک دیکھ کر روکا رو چرس برآمد ہوگئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کو روکنا پولیس کا کام ہے اے این ایف کا نہیں،شہر میں ہزار گاڑیاں بغیر نمبر پلیٹ ہوں گی کیا اے این ایف ساروں کی تلاشی لے گا ۔

(جاری ہے)

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ اہم مقدمات میں اپنے رویے کی وجہ سے اے این ایف نے خود کو مشکوک کرلیا ہے،دوسرے مقاصد کیلئے اے این ایف نے اپنی ساکھ خراب کرلی۔ انہوںنے کہاکہ اے این ایف کی ساکھ خراب ہونے کی وجہ سے سوالات اٹھ رہے ہیں،کل پھر کسی جج کی گاڑی سے چرس نکال لیں تو کیا ہوگا ،پراسیکوٹر صاحب یہ کل آپ کی گاڑی سے بھی چرس نکال سکتے ہیں۔

انہوںے کہاکہ سب پتہ ہے منشیات کہاں بکتی ہیں وہاں اے این ایف کوئی کاروائی نہیں کرتا۔انہوںنے کہاکہ بغیر معلومات اے این ایف کسی سواری کو کیسے روک سکتا ہے۔ جسٹس منصو ر علی شاہ نے کہاکہ قانون واضح ہے معلومات ہوگی پھر کاروائی ہوگی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ کیا تین کلو چرس بائیک کی سیٹ کے نیچے آسکتی ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ پولیس کو اطلاع کے بغیر کیا اے این ایف ایسے گاڑیوں کو روک کر تلاشی لے سکتا ہے ۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ اے این ایف والوں کو قانون سپریم کورٹ نے نہیں پڑھانا۔ انہوںنے کہاکہ اے این ایف کم از کم اپنا قانون تو پڑھ لے،پڑوسی سے جھگڑا ہوتو اس پر بھی منشیات ڈال دیں۔ یاد رہے کہ ملزم عدنان خان کیخلاف اٹک تھانہ میں اے این ایف نے مقدمہ درج کیا تھا۔