Live Updates

الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ تحائف اسکینڈل میں تحریک انصاف کے وکیل کو دستاویزات فراہم کر نے کی ہدایت

جب تک اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کر کے نہ بھیجے جائیں رکن ڈی نوٹی فائی نہیں ہو سکتا، چیف الیکشن کمشنر کے ریمارکس

جمعرات 18 اگست 2022 18:51

الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ تحائف اسکینڈل میں تحریک انصاف کے وکیل کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2022ء) الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ تحائف اسکینڈل میں تحریک انصاف کے وکیل کو دستاویزات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے ۔عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس پر ابتدائی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی ۔ مسلم لیگ (ن)محسن شاہنواز رانجھا سمیت پانچ حکومتی ایم این ایز نے آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا تھا۔

درخواست گزار محسن شاہنواز رانجھا ،حکومتی اتحاد کی جانب سے وکیل خالد اسحاق جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے علی ظفر کے معاون وکیل پیش ہوئے ۔ معاون وکیل نے کہاکہ بیرسٹر علی ظفر مصروفیت کے باعث نہیں آ سکے، سماعت ملتوی کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اب رکن اسمبلی نہیں رہے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی نظر میں عمران خان تاحال ایم این اے ہیں،قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کمیشن کو استعفیٰ منظور کر کے نہیں بھجوایا۔

انہوںنے کہاکہ آپ اپنی مرضی کی تشریح نہ کریں،جب تک اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کر کے نہ بھیجے جائیں رکن ڈی نوٹی فائی نہیں ہو سکتا۔ چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے وکیل کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیدیا ۔ بعد ازاں سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی گئی ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی علی گوہر بلوچ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )کی طرف سے میں اس کیس میں فریق ہوں،یہ ایک کرپشن ہے جو توشہ خانہ میں سامنے آیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان سمجھتا ہے کہ وہ آئین اور قانون سے بالاتر ہے،دوسروں کو کہتا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے اور خود گھبرا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ابھی تک کھیل شروع ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پشاور بی آر ٹی کیس ابھی تک شروع نہیں ہوا،دو دن کے ریمانڈ کے بعد یہ لوگ بے حوش ہو رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات