پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، مصدق ملک

پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، مستقبل میں نینو اور بائیو ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہم ہو گا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم

جمعرات 18 اگست 2022 22:34

پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2022ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، مستقبل میں نینو اور بائیو ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہم ہو گا۔ جمعرات کو یہاں بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم، بہتر حقوق اور بہتر آزادیاں بنیادی انسانی ضرورت ہیں، کسی بھی معاشرے یا ملک کی ترقی کیلئے اہداف کا تعین اہم ہوتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کا آج کی دنیا میں استعمال ایک حقیقت بن چکا ہے اور ٹیکنالوجی کے بغیر آگے بڑھنا ناممکن ہے، دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں لیکن 2022ء میں بھی بنیادی صحت، بنیادی تعلیم کے حصول اور خواتین کے حقوق کے حوالہ سے سوالات کئے جا رہے ہیں، ان تمام معاملات کو حل کرنے اور اپنے اہداف اور مقاصد کے حصول کیلئے سیاسی عزم اور یقین کی بہت اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں بھی اگر ہم دیکھیں تو صورتحال تبدیل ہو رہی ہے اور مستقبل میں ضروریات زندگی کا انحصار پائیدار اور شفاف توانائی ہی ہو گا، ملکی ترقی کیلئے تعلیم اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ بہت ضروری ہے، پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، معاشی شعبہ میں آگے بڑھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے کیونکہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔