صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے ڈس ایبلڈ پرسن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

جمعرات 25 اگست 2022 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2022ء) صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر وبیت المال غضنفرعباس چھینہ نے ڈی پی ایم آئی ایس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔جمعرات کے روز منعقدہ افتتاحی تقریب میں وزیرلائیو سٹاک شہاب الدین،وزیر آی ٹی ارسلان خالد،اسپیشل اسسٹنٹ ٹو وزیراعلی پنجاب تیمور لالی،ایم پی اے عرفان اللہ نیازی،نمائندگان ڈبلیو ایچ اوڈاکٹرپیتھا،ڈاکٹرمریم، سیکرٹری سوشل ویلفیئروقاص علی محمود،اسٹیک ہولڈر اداروں کے سیکرٹریز ،ڈاریکٹر جنرل سوشل ویلفیئرفیض نعیم وڑاچ ، ڈائریکٹر عرفان گوندل ،سول سوسائٹی، خصوصی افراد اور متعلقہ افسران موجودتھے۔

غضنفرعباس چھینہ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے اس نظام سے خصوصی افراد کے تمام ریکارڈ کو ڈیجٹلائز کرنے میں مدد ملے گی، یہ سسٹم خصوصی افراد کو آن لائن رجسٹریشن کے لیے سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ اس سسٹم کے تحت خصوصی افراد کے لیے نوکریوں کا حصول آسان ہوسکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سسٹم صنف سے الگ ڈیٹا بیس اور PCRDPویب سائٹ تک رسائی بھی فراہم کرے گا، ڈی پی ایم آئی ایس حکومت کی طرف سے متعین خصوصی کوٹہ کے تحت ملازمت کی پیشکش کرنے والی نجی اسٹیبلشمنٹ کی معلومات کی فراہمی کویقینی بنائے گا،پنجاب کے اس نظام سے خصوصی افراد کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیرسوشل ویلفیئر نے کہا کہ فلاحی ریاست کی تکمیل کے لیے خصوصی افراد کو ساتھ لیکرچلنا ہوگا۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر وقاص علی محمود نے کہا کہ اس نظام کو نادرا اور دیگر محکموں کے ساتھ منسلک کیا گیا تاکہ خصوصی افراد کے تمام امور کو ایک ہی چھتری تلے انجام دیاجا سکے۔