محمد رضوان رواں سال زیادہ ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں بنانیوالے بلے بازوں میں سرفہرست

رضوان اب 11 اننگز میں 6 نصف سنچریاں سکور کرچکے ہیں، 61.77 کی اوسط اور 127.52 کے سٹرائیک ریٹ سے 556 رنز بھی بنائے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 ستمبر 2022 13:36

محمد رضوان رواں سال زیادہ ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں بنانیوالے بلے بازوں ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 ستمبر 2022ء ) پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 2021ء کے آغاز سے ہی اپنی زندگی کی بہترین فارم میں ہیں، انہوں نے گزشتہ سال مختصر ترین فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کے طور پر سال کا اختتام کیا اور 2022ء میں چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اوپنر نے نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں انگلینڈ کے خلاف سات میچوں کی T20I سیریز کے چوتھے مقابلے میں ایک اور نصف سنچری سکور کی اور ویرات کوہلی، نکولس پوران اور سوریہ کمار یادیو کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رضوان اب 11 اننگز میں 6 نصف سنچریاں سکور کرچکے ہیں جبکہ فہرست میں شامل دیگر تمام افراد نے اس سال ان سے کافی زیادہ میچ کھیلے ہیں۔ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی رواں سال اب تک 12 اننگز میں 5 نصف سنچریاں سکور کرکے دوسرے، ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران 17 اننگز میں 5 نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے جب کہ بھارت کے سوریہ کمار یادو 20 اننگز میں 5 نصف سنچریاں بنا کر پانچویں نمبر پر ہیں ۔

(جاری ہے)

رضوان نے بطور وکٹ کیپر بلے باز سیریز کے پہلے میچ میں T20I میں سب سے زیادہ ففٹی پلس سکور بنا کر انگلینڈ کے جوس بٹلر کو پیچھے چھوڑ دیا تھا ، وہ فی الحال چار اننگز میں 252 رنز کے ساتھ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ اس وقت 30 سالہ وکٹ کیپر بلے باز نے 11 اننگز میں 61.77 کی اوسط اور 127.52 کے سٹرائیک ریٹ سے اس سال 556 رنز بنائے ہیں، وہ ایشیاء کپ 2022ء میں چھ اننگز میں 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 281 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رضوان کو ان کی شاندار کارکردگی پر ICC مینز T20I کرکٹر آف دی ایئر 2021ء قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے 26 اننگز میں 73.66 کی اوسط سے 1326 ٹی ٹونٹی رنز بنائے تھے۔