بھارت: ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی سکیورٹی بڑھا کر زیڈ پلس کر دی گئی

جمعہ 30 ستمبر 2022 20:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2022ء) بھارتی وزارت داخلہ نے ملک کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی سکیورٹی بڑھا کر زیڈ پلس کر دی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق امبانی کی سیکورٹی میں اضافہ بھارتی وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی ) کی سفارش پر کیا ہے ۔ آئی بی کی ایک رپورٹ میں مکیش امبانی پر حملے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ برس امبانی کے گھر کے باہر ایک مشتبہ کار ملی تھی جس میں بیس سے زائد چھریاں پائی گئی تھیں۔ انہیں دھمکی آمیز کالز بھی موصول ہوتی رہتی ہیں ۔ وزارت داخلہ کے احکامات پر بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 58کمانڈوز 24گھنٹے امبانی اور انکی فیملی کی سیکورٹی پر تعینات رہیں گے۔یہ کمانڈوز جرمن ساختہ ایم پی 5سب مشین گن سمیت دیگر جدید اسلحہ سے لیس ہونگے ۔ مذکورہ بندوق سے ایک منٹ میں آٹھ سو گولیاں داغی جاسکتی ہیں۔