بھارت،پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے 4ارکان ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

جمعرات 6 اکتوبر 2022 14:39

بھارت،پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے 4ارکان ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2022ء) بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی میں پولیس نے مسلم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے4 ارکان کو ضمانت پر رہائی کے چند گھنٹے بعد دوبارہ گرفتار کر لیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے6 گرفتار ارکان سمیر خان، محمد شعیب، حبیب اصغر جمالی، عبدالرب ،محمد جابراور عبدالوارث کو امر کالونی پولیس سٹیشن میں سپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے ان کی ضمانت کی درخواست منظور کی۔

(جاری ہے)

انہیں رہائی کیلئے ضروری کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے واپس تہاڑ جیل لے جایا گیا۔محمد جابر اور سمیر خان کے اہلخانہ رہائی کے بعد انہیں اپنے ساتھ لے گئے تاہم پولیس نے دیگر 4افراد کو دوبارہ گرفتار کرکے ان پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 28ستمبر کو پی ایف آئی اور اس سے وابستہ 8دیگر تنظیموں پر جھوٹے الزامات لگا کر 5 سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔ بھارتی پولیس ملک گیر کریک ڈائون کے دوران اب تک تنظیم کے سینکڑوں رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کر چکی ہے۔