مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 28 واں یوم تاسیس منایا گیا

جمعہ 7 اکتوبر 2022 11:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2022ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 28 واں یوم تاسیس ملک میں منایا گیا۔مرکزی تقریب لاہور میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ترجمان کے مطابق تقریب میں ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور،مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف سمیت مرکزی،صوبائی و ضلعی عہدیداران موجود تھے ۔

یوم تاسیس کی تقریب میں ضلع لاہور کے مختلف کالجز،یونیورسٹیز کے طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 28 ویں یوم تاسیس پر مرکزی صدر عرفان یوسف اور ان کی پوری ٹیم اور تنظیم کو مبارک باد دیتا ہوں، بلاشبہ یہ ایک اہم اور تاریخی موقع ہے۔

(جاری ہے)

طلبا کی اولین ترجیح کتاب سے دوستی ہونا چاہیے جو اس رشتے کو مضبوط کر لیتے ہیں وہی ملک و قوم کیلئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ایک طلبہ تنظیم ہی نہیں بلکہ نئی نسل کی تربیت کا ایک بہت بڑا پلیٹ فارم بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا بطور تنظیم 28 سال قبل بیج بونے والے اور اس بیج کو تن آور درخت میں تبدیل کرنے والی ایم ایس ایم کی سابقہ اور موجودہ قیادت اور اس کے عظیم کارکنان سب ہی مبارک باد کے مستحق ہیں۔یوم تاسیس کی تقریب سے سید فراز ہاشمی، حماد مصطفی،اخلاق حسین، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور محسن اقبال، ناظم مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ اسامہ مشتاق سمیت دیگر طلبا رہنمائوں نے خطاب کیا۔

یوم تاسیس کی تقریب میں آل کالجز کونسل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :