حکومت نے طویل عرصہ بعد ملک میں آن شور ڈرلنگ کا آغاز کیا، آف شور ڈرلنگ کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، علی پرویز ملک

بدھ 13 اگست 2025 16:45

حکومت نے طویل عرصہ بعد ملک میں آن شور ڈرلنگ کا آغاز کیا،  آف شور ڈرلنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے توانائی(پٹرولیم ڈویژن)علی پرویز ملک نے کہاہے کہ تیل و گیس کی تلاش کے نئے منصوبوں سے انرجی سکیورٹی میں استحکام آتاہے،حکومت نے طویل عرصہ بعد ملک میں آن شور ڈرلنگ کا آغاز کیاہے،اسی طرح آف شور ڈرلنگ کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔بدھ کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور دیگر کے پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر کی دریافت بارے امریکا کے صدر ٹرمپ کے بیان اور ان ذخائر کے حوالے سے ہماری حکومت کی جانب سے کوئی واضح اعلان نہ کئے جانے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر برائے توانائی(پٹرولیم ڈویژن)علی پرویز ملک نے ایوان کو بتایا کہ وزیر اعظم،آرمی چیف اور نائب وزیر اعظم کی کاوشوں سے امریکا کی جانب سے ٹیرف میں کمی اور دیگر رعایتوں پر انہیں مبارکباد پیش کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں کئی سال سے نئے کنوئوں کی تلاش کاکام نہیں ہورہا تھا۔اب حکومت نے اپریل میں 13 بلاک ایوارڈ کئے۔ترکیہ نے دو بلاکس کا ایوارڈ جیتا۔اس کے بعد آن شور 23 بلاکس ایوارڈ کیے جانے کا عمل ہورہا ہے۔ انڈس و گوادر کے علاقے میں40 کے قریب بلاکس ایوارڈ کیے جانے میں ترکیہ،چین اور امریکا کی کمپنیوں کی دلچسپی آئی ہے اس کا حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہوگا۔

شیل گیس اور تیل اور ٹائیٹ گیس کے ذخائر کا تخمینہ اٹلی کی کمپنی کے مطابق 30 سے 35 ٹی سی ایف کے قریب ہے جو سوئی گیس کے تین گنا کے برابر ہے۔2024 میں ٹائیٹ گیس کی پالیسی کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یوایس ایڈ کے تعاون سے 2015 میں ساؤتھ پاکستان میں سٹڈی کی گئی ہے گیس کے 65 ٹی سی ایف کی آج تک دریافت کی گئی ہے ۔ شیل آئل کے حوالہ سے ٹیکنالوجی امریکا اور چین کے پاس ہے،حیدر آباد میں پہلی ڈرلنگ کے لئے پراسیس ہورہا ہے۔

اس کی کمرشل اسسمنٹ کی تیاری ہورہی ہے۔مختلف ممالک سے بات ہورہی ہے۔طویل خاموشی کے بعد ہم نے آن شور ڈرلنگ پر کام کیا ہے اور کامیابی حاصل کی ہے۔اسی طرح آف شور پر بھی توجہ دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ آن شور ایک کنوئیں کو ڈویلپ کرنے کے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری درکارہے۔نوید قمر کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اکتوبر تک آن شور کی بڈنگ مکمل ہوگی۔آف شور اکتوبر کے لیے آخر تک کی تاریخ طے کی گئی ہے۔