پاکستان کی بنیاد ہمارے آبائو اجداد کے خون سے رکھی گئی ہے،رانا مشہود احمد خان

بدھ 13 اگست 2025 21:03

پاکستان کی بنیاد ہمارے آبائو اجداد کے خون سے رکھی گئی ہے،رانا مشہود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیاد ہمارے آبائو اجداد کے خون سے رکھی گئی اور نوجوان ہی اس ملک کا اصل سرمایہ ہیں،گرمی کے موسم میں بھی ہمارے جوان سرحدوں پر قوم کی حفاظت کر رہے ہیں۔وہ بدھ کے روز یہاں ایوان اقبال کمپلیکس لاہور میں آزادی اور تحریکِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

مذکورہ تقریب ایوان اقبال کمپلیکس لاہور نے انگلش لٹریچر اینڈ لسانیات سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جو نظریے کی بنیاد پر وجود میں آئے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے نظریے کیلئے سفاکیت کی انتہا کر دی، مگر آج دنیا اس کے مظالم کے خلاف جاگ اٹھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب قوم میں دم اور نوجوانوں میں جذبہ ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،پاکستانی جوانوں نے بھارت کے نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ٹیکنالوجی میں ہمارا کوئی مقابلہ نہیں،پاکستان فری لانسنگ میں دنیا کے پہلے پانچ ممالک میں شامل ہے اور دنیا میں پاکستانی نوجوانوں کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ اگر ہمارے نوجوان بیرون ملک جا کر اپنی محنت سے نام کماتے ہیں تو یہ خوش آئند ہیلیکن جو لوگ صرف پیسہ سمیٹ کر ملک سے باہر جا رہے ہیں، وہ ملک کے ساتھ غداری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا کیونکہ یہ عالمی معاہدوں کے تحت محفوظ ہے،مودی حکومت کا اقلیتوں کے ساتھ سلوک قابل مذمت ہے جبکہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔