ایف بی آر ٹیکس نظام کو آسان اور سہل بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ عائشہ خالد

جمعہ 21 اکتوبر 2022 18:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2022ء) چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو، ریجنل ٹیکس آفس، اسلام آباد عائشہ خالد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹیکس نظام کو آسان اور سہل بنانے کیلئے کوشاں ہے تا کہ ٹیکس دہندگان کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں مزید سہولت ہو۔

کمشنر آئی آر ودہولڈنگ ٹیکس عدنان انعام اللہ خان، کمشنر آئی آر (آپریشنز) ساؤتھ زون عدیلہ یوسف خان اور ڈپٹی کمشنر آر ٹی او اسلام آباد عائشہ اسد بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں۔عائشہ خالد نے کہا کہ محکمہ ٹیکس اور ٹیکس دہندگان کے درمیان براہ راست رابطے کو کم سے کم کرنے کے لیے کام ہو رہا ہے جس سے بزنس کمیونٹی کے ٹیکس مسائل کم ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹیکس اور ٹیکس دہندگان کا مشترکہ مقصد ٹیکس ریونیو کو بہتر کر کے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانا ہے لہذا دونوں کے درمیان اعتماد اور افہام و تفہیم کا رشتہ استوار کرنے کی ضرورت ہے جس سے ٹیکس ریونیو میں بہتر اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی او نے ٹیکس دہندگان کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک سیل قائم کیا ہے اور کہا کہ آئی سی سی آئی ایک فوکل پرسن نامزد کرے جو اس سیل کے ساتھ رابطہ کر کے تاجر برادری کی ٹیکس شکایات کا ازالہ کرائے۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی او اسلام آباد آئی سی سی آئی میں ایک ہیلپ ڈیسک کے قیام پر بھی غور کرے گا تاکہ چیمبر کے ممبران کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی سہولت کے لیے اس طرح کے ڈیسک اسلام آباد کی اہم مارکیٹوں میں بھی قائم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آر ٹی او اسلام آباد آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر کاروباری برادری کے ٹیکس مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ ٹیکس کے مقررہ اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا آر ٹی او چیمبر کو ایک سو بڑے ٹیکس دہندگان کی لسٹ فراہم کرے تا کہ ان کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے چیمبر میں ایک پروقار تقریب منعقد کی جائے جس میں وزیرخزانہ کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد کی معاشرے میں عزت و وقار میں اضافہ ہو گا اور پاکستان معاشی طور پر آگے بڑھ سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام چیمبرز آف کامرس ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ کوئی بھی کاروباری شخص ٹیکس سسٹم میں رجسٹریشن کے بغیر ان کی رکنیت حاصل نہیں کر سکتا لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آر موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے چیمبرز آف کامرس کے تعاون سے نئے ٹیکس دہندگان تلاش کرنے پر توجہ دے جس سے ٹیکس کی بنیاد وسیع ہو گی اور ٹیکس ریونیو بہتر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی او اسلام آباد اپنے انسپکٹرز کو مارکیٹوں میں بھیجنے سے پہلے آئی سی سی آئی کے اعتماد میں لے تاکہ مشترکہ کوششوں سے ٹیکس معاملات کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی پالیسی سازی کے عمل میں تاجر برادری کو بھی نمائندگی دی جائے تاکہ مشاورت سے ایسا ٹیکس نظام تشکیل دیا جا ئے جو کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو پرکشش فوائد دینے پر غور کیا جائے جس سے خوف وہراس کا عنصر کم ہو گا اور مزید لوگوں کو ٹیکس نظام میں آنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے ٹیکس مسائل کے حل کے لیے آئی سی سی آئی اور آر ٹی او اسلام آباد کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے پر غور کیا جائے۔چیمبر کے نائب صدراظہر الاسلام ظفر نے چیمبر کا دورہ کرنے پر چیف کمشنر آر ٹی او سلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر ان کے ساتھ مل کر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے کام کرے گا۔

مختلف مارکیٹوں اور فرنیچر، جیولری، رئیل اسٹیٹ، اوورسیز ایمپلائمنٹ سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان نے اپنے ٹیکس مسائل سے چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کو آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی۔ ظفر بختاوری، زاہد مقبول، باصر داؤد، خالد چوہدری، محمد رضوان چھینہ، اشفاق چٹھہ، ہمایوں کبیر، چوہدری محمد علی، خالد محمود، راجہ امتیاز، مقصود تابش، فیضان شہزاد، محترمہ منیزہ مجید اور دیگر نے بھی چیف کمشنر آر ٹی او کو مختلف ٹیکس مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔