Live Updates

عمران خان نے بطور ایم این اے عہدے سے ہٹانے کا آرڈراسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

الیکشن کمیشن نے نا اہل این اے 5 سے کیا اور ڈی نوٹیفائی این اے 95 سے کر دیا،عمران خان کا درخواست میں مؤقف

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 26 اکتوبر 2022 11:49

عمران خان نے  بطور ایم این اے عہدے سے ہٹانے کا آرڈراسلام آباد ہائیکورٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2022ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بطور ایم این اے عہدے سے ہٹانے کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔عمران خان نے عدالت سے این اے 95 سے بطور ایم این اے ہٹائے جانے کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نا اہل این اے 5 سے کیا اور ڈی نوٹیفائی این اے 95 سے کر دیا۔

این اے 95 سے نا اہل 21 اکتوبر کو کیا اور درستگی 24 اکتوبر کو کی گئی۔ دوسری جانب عمران خان نا اہلی کیس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے اعتراضات دور کر دئیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کی مصدقہ نقل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کر دی گئی۔عمران خان کے نمائندے نوید انجم نے اٹارنی جنرل کے ذریعے بائیو میٹرک کی بھی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے کیس پر رجسٹرار آفس کو اعتراضات کیا ہیں؟ بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ بائیو میٹرک اور مصدقہ نقول کے اعتراضات ہیں،ہم نے چند دن بعد الیکشن لڑنا ہے،نا اہلی سے مسائل کا سامنا ہے۔ آرٹیکل 63 ون پی کے تحت الیکشن کمیشن نے کارروائی کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ نا اہلی تو اس حد تک ہے کہ جس کیلئے وہ پہلے منتخب ہوئے تھے۔بیرسٹر علی ظفر نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جب فیصلہ ہی نہیں تو یہ عدالت کس فیصلے کو معطل کرے گی؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخوست پر اعتراضات تین روز میں ختم کرنے کی ہدایت کی،جبکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے نا اہلی کے فیصلے کو چیلنج کیا اوراسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان نے درخواست دائر کی۔عمران خان کی جانب سے درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات