بابا گورو نانک کے 553ویں جنم دن کے حوالے سے سینکڑوں سکھ یاتریوں کی کرتار پور آمد،بہترین انتظامات پر پاکستانی حکومت سے اظہار تشکر

اتوار 13 نومبر 2022 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2022ء) کرتار پور میں بابا گورو نانک دیو جی کی 553 ویں جنم دن کی دو روزہ تقریبات میں شرکت کے لیے مقامی یاتریوں کے علاہ واہگہ کے راستے آنے والے2409 سکھ یاتری سخت سکیورٹی میں اتوار کو کرتارپور پہنچے جہاں مقامی ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ یاتریوں نے دربار پر ماتھا ٹیکا اور اپنی مذہبی رسومات میں شرکت کی۔

ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق یاتریوں کی تواضع ،مکس سبزی ،دال ماش ،سادہ پلائو، اچار ، پکوڑے ، چنے ،چپاتی اور گرما گرم چائے سے کی گئی ۔ یاتری آج رات کرتارپور میں ہی قیام کریں گے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نارووال محمد شاہ رخ نیازی نے ڈی پی او نارووال عمران رزاق اور سردار اندرجیت سنگھ ممبر پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ہمراہ سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور گورودوارہ صاحب کی تعمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکھ یاتریوں کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ہمیں بہت پیار ملا ہے، پاکستانی حکومت نے ہماری رہائش و خوراک کا بہترین بندو بست کیا ہے اور ہماری سکیورٹی کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے یہ خواہش ظاہر کی کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو اپنے ویزوں کی شرائط میں نرمی کرنی چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار و محبت میں مزید اضافہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو عوام کے آنے جانے کیلئے راستوں میں آسانیاں پیدا کر نی چاہیے۔اس موقع پر شرومنی گورودوارہ پربندھک کمیٹی انڈیا کے پارٹی لیڈر پریت سنگھ،دلجیت سنگھ دہلی، سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی شرنجیت سنگھ جتھہ لیڈر ہریانہ کمیٹی،شمیشیر سنگھ جتھہ لیڈر کشمیر کمیٹی سمیت انڈیا کی مختلف ریاستوں اور علاقوں کی سنگتوں اور جتھوں کے عہدیداران نے بھی بہترین انتظامات پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے گوردوارہ صاحب میں اپنی مذہبی عبادات کیں ۔گوردوارہ صاحب کرتارپور میں سکھ یاتریوں کے لیے لنگر سمیت رہائش کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے ۔