پمز ملازمین کا ایم ٹی آئی بل کی حتمی منظوری میں تاخیر کے خلاف احتجاج

پیر 21 نومبر 2022 20:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2022ء) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ملازمین نے ایم ٹی آئی بل کی حتمی منظوری میں تاخیر کے خلاف اور انتظامیہ کی رخصتی کے مطالبہ کے لئے اوپی ڈیز بند کرکے احتجاج کیا جس سے او پی ڈی چیک اپ کے لئے آئے مریضوں اور ان کے اٹینڈنٹس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تمام عملہ کے اراکین ایم ٹی آئی آرڈیننس اور انتظامیہ کے خلاف جمع ہوئے اور احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

فیڈرل ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام احتجاج کے دوران ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی طرف سے ایم ٹی آئی آرڈیننس کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور ہسپتال کی تمام اوپی ڈیز مکمل طور پر بند کر دی گئیں۔احتجاجی ملازمین سے چیئرمین فیڈرل ہیلتھ الائنسز چوہدری قمر جاوید گجر ، ترجمان ڈاکٹر اسفند یار اور ڈاکٹر حیدر عباسی نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نےامید ظاہر کی ہے کہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل ہمارایہ مسئلہ جلد ازجلد حل کریں گے۔

مقررین نے کہا کہ جب تک پمز میں سرکاری انتظامیہ تعینات نہیں ہوتی اور پمز ترمیمی بل 2022 منظور شدہ پرصدر کی جانب سے دستخط نہیں کئے جاتے تب تک احتجاج جاری رہے گا، احتجاجی ملازمین سے ارشدخان، طاہر اعوان، فیض اچکزئی، شیر علی، تنویر نوشاہی، ربنواز ربن، وسیم گجر، چوہدری خالد، میڈم جولیانہ، فیصل تنولی، مطلوب خان، میڈم نائلہ جیسی،محمد نعمان ،ملک ذیشان اعوان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔