آسٹریلیا میں خاتون کو قتل کرنے والا 4 سال بعد بھارت میں گرفتار

ملزم قتل کے 2 دن بعد اپنی نوکری، بیوی اور تین بچوں کو چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا،پولیس

ہفتہ 26 نومبر 2022 13:36

آسٹریلیا میں خاتون کو قتل کرنے والا 4 سال بعد بھارت میں گرفتار
کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2022ء) آسٹریلوی خاتون کو قتل کرنے والے بھارتی شہری کو پولیس نے 4 سال بعد گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ راجوندر سنگھ کو دہلی پولیس نے گرفتار کیا، ملزم نے ریاست کوئنزلینڈ میں مبینہ طور پر آسٹریلوی خاتون کو اس کے کتے کے بھونکنے کی وجہ سے قتل کیا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم 24 سالہ خاتون کو قتل کرنے کے بعد آسٹریلیا سے فرار ہوگیا تھا جس کی گرفتاری پر 10 لاکھ آسٹریلوی ڈالر انعام بھی تھا۔

پولیس کے مطابق ساحل سمندر پر خاتون کے کتے کے بھونکنے پر دونوں کی تلخ کلامی ہوئی جس پر ملزم نے خاتون پر حملہ کر کے اس کو قتل کردیا اور لاش وہیں دفنادی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم قتل کے 2 دن بعد اپنی نوکری، بیوی اور تین بچوں کو چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔