بھارت میں سپریم کورٹ کے جج کو مدعی نے دہشت گرد کہہ دیا

درخواست دائر کرتے وقت میں بہت ذہنی دباو میں تھا،مدعی نے جج سے معافی مانگ لی

ہفتہ 26 نومبر 2022 14:58

بھارت میں سپریم کورٹ کے جج کو مدعی نے دہشت گرد کہہ دیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2022ء) بھارت میں سپریم کورٹ نے جج کو دہشت گرد کہنے والے مدعی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔چیف جسٹس اور ایک جسٹس کے بینچ نیجج کو دہشتگرد کہنے والے شخص سے کہا کہ آپ کو کچھ مہینوں کے لیے جیل بھیجا جائے گا پھر آپ کو احساس ہوگا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالتی بینچ نے مدعی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سپریم کورٹ کے جج پر کوئی الزام نہیں لگاسکتے۔

(جاری ہے)

عدالتی بینچ کا کہنا تھا کہ یہ بدتمیزی ہے، ہم آپ کو وجہ بتانے کے لیے نوٹس جاری کریں گے کہ آپ کے خلاف مجرمانہ توہین کا مقدمہ کیوں نہیں چلایا جائے۔عدالت نے مزید کہا کہ جج کا اس کارروائی سے کیا تعلق آپ اسے دہشت گرد اور اس کے خلاف دیگر باتیں کہہ رہے ہیں، کیا جج پر الزامات لگانے کا یہ طریقہ ہے۔عدالتی بینچ نے پوچھا کہ یہ صرف اس لیے کہ جج آپ کی ریاست سے تعلق رکھتا ہی رپورٹس کے مطابق مدعی نے عدالت سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ درخواست دائر کرتے وقت میں بہت ذہنی دباو میں تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے مزید سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔