دبئی اور یورپ میں منشیات سمگلنگ کے ’سپر کارٹیل‘ کا پردہ فاش

سپین، فرانس، بیلجیئم، نیدرلینڈز اور متحدہ عرب امارات میں 30 ٹن سے زائد منشیات ضبط‘ 49 افراد کو گرفتار کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 نومبر 2022 16:18

دبئی اور یورپ میں منشیات سمگلنگ کے ’سپر کارٹیل‘ کا پردہ فاش
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2022ء ) دبئی اور یورپ میں منشیات سمگلنگ کے 'سپر کارٹیل' کا پردہ فاش کردیا گیا، یو اے ای کی وزارت نے تصدیق کردی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق ہیگ میں قائم تنظیم یوروپول کے تعاون سے سپین، فرانس، بیلجیئم، نیدرلینڈز اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تحقیقات کے دوران 30 ٹن سے زائد منشیات ضبط کی گئیں، اس حوالے سے یوروپول نے بتایا ہے کہ ایک بہت بڑی منشیات "سپر کارٹیل" کو ختم کر دیا گیا ہے جو یورپ کی کوکین کی تجارت کے ایک تہائی کو کنٹرول کرتا تھا، اس دوران مختلف ممالک میں 49 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں دبئی میں 6 اہم مشتبہ افراد بھی شامل تھے۔

یوروپول نے کہا کہ یورپ اور متحدہ عرب امارات میں چھاپوں کی تازہ ترین کارروائی 8 سے 19 نومبر کے درمیان عمل میں لائی گئی، دبئی میں جن انتہائی مطلوب مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ان میں 2 تعلق فرانس سے ہے، 2 کا تعلق نیدرلینڈ سے اور 2 ہی کا تعلق اسپین سے ہے، اس کے علاوہ بیلجیئم میں 10، فرانس میں 6 اور سپین میں 13 افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ یوروپول کے تعاون سے سپین، فرانس، بیلجیئم، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات میں کی جانے والی تحقیقات کے دوران 30 ٹن سے زائد منشیات ضبط کی گئیں، امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن نے بھی اس نیٹ ورک کو توڑنے میں میں کردار ادا کیا، جو منی لانڈرنگ میں بھی ملوث تھا۔

(جاری ہے)

ہیگ میں قائم تنظیم نے کہا کہ اسی آپریشن کے ایک حصے کے طور پر نیدرلینڈز میں 2021ء میں 14 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، موجودہ گرفتاریاں بھی اسی سلسلے کی کڑی تھیں جس کے بعد پولیس نے پچھلے سال منظم جرائم کے نیٹ ورکس کے ذریعے استعمال کیے گئے جدید ترین خفیہ ٹیلی فون ہیک کیے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ "آپریشن ڈیزرٹ لائٹ" میں شامل پولیس فورسز نے "کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور یورپ میں منشیات کی اسمگلنگ کے بنیادی ڈھانچے" دونوں کو نشانہ بنایا جب کہ یو اے ای کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید آل نہیان نے وزارت داخلہ، یوروپول، اسپین، بیلجیئم، ہالینڈ، فرانس اور امریکہ کے درمیان مشترکہ بین الاقوامی کوششوں کو سراہا۔