قائداعظم یونیورسٹی کی آرٹ سوسائٹی میں نکوٹین پائوچز اور تمباکو نوشی کے استعمال کے خلاف پینٹنگ مقابلہ

جمعرات 1 دسمبر 2022 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) قائداعظم یونیورسٹی کی آرٹ سوسائٹی اور کرومیٹک ٹرسٹ نے مشترکہ طور پر تعلیمی اداروں میں نکوٹین پائوچز اور تمباکو نوشی کی جدید اقسام کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم کے حوالے سے طلبا و طالبات کے مابین پینٹنگ مقابلہ کرایا ۔مقابلے کا موضوع نکوٹین پائوچز اور تمباکو نوشی کی جدید اقسام کے استعمال پر پابندی تھا ۔

اس پینٹنگ مقابلے میں 30سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی اور تخلیقی مصوری کے ذریعے نکوٹین پائوچز کے انسانی صحت پر پڑنے والے نقصانات کو نمایاں کیا ۔مقابلے کے اختتام پر ماہرین نے پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے طلباء و طالبات کو شیلڈز دیں جبکہ دیگر شرکاء کو ان کی بہترین کاوشوں پر سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کی آرٹ سوسائٹی کی انچارج ڈاکٹر فوزیہ فاروق نے اس پینٹنگ مقابلے کو ملک بھر بالخصوص اعلیٰ تعلیمی اداروں میں نکوٹین پائوچز اور تمباکو نوشی کی جدید اقسام کے استعمال کے خلاف بہت بڑی کامیابی قرار دیا ۔

اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کی آرٹ سوسائٹی کی انچارج کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں طلباء و طالبات کا مستقبل تابناک بنانا ہے تو تعلیمی اداروں کو نشے کی لعنت سے پاک کرنا ہو گا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرومیٹک ٹرسٹ کے سی ای او شارق خان نے مقابلے میں شریک طلباء و طالبات اور قائداعظم یونیورسٹی کی آرٹ سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمباکو نوشی اور نکوٹین پائوچز سمیت نشے کی دیگر جدید اقسام کے استعمال کا اصل ہدف نوجوان ہیں ۔

شارق خان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے سے جامعات تک پہنچنے والے طلبا و طالبات انتہائی مشکلات کے بعد اس سطح پر پہنچتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ نکوٹین پائوچز اور دیگر اقسام کے نشے سے کسی کی بھی عمر بھر کی محنت ضائع نہ ہو ۔ شارق خان کا کہنا تھا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور پاکستان کی باگ ڈور انہی کے ہاتھ میں ہے اس لئے ہمیں ان کا ہر برائی سے تحفظ کرنا ہو گا اور اس کا بہترین طریقہ برائی کے خلاف آگاہی ہے اور ہم کٹھن حالات میں بھی یہ سفر جاری رکھیں گے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان تمباکو سے پاک ممالک کی فہرست میں شامل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :