پی ایس ایل 8 کا آغاز ملتان سے ہونے کا امکان

پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور فائنلسٹ ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 2 دسمبر 2022 15:31

پی ایس ایل 8 کا آغاز ملتان سے ہونے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 دسمبر 2022ء ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کا آغاز کراچی یا لاہور سے نہیں بلکہ پہلی بار ملتان سے ہوگا۔ نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پہلی مرتبہ ملتان میں ہوگی جب کہ 8 ویں ایڈیشن کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور فائنلسٹ ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کرانے کی تجویز ہے تاہم ٹورنامنٹ کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان فرنچائزز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے میچز لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے لیے ٹیمیں 9 فروری کو اکٹھی ہوں گی جب کہ میچز کا آغاز 13 فروری اور فائنل 19 مارچ کو کھیلا جائے گا۔