وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 2 دسمبر 2022 16:41

وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2022ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 33 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کے حوالہ سے سب سے کم بولی کی منظوری دیدی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء خرم دستگیر، سیّد مرتضیٰ محمود، رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین ایس ای سی پی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ وزیر تجارت سیّد نوید قمر، وزیراعظم کے رابطہ کار برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل اور گورنر سٹیٹ بینک زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزارت اقتصادی امور کی جانب سے گروپ۔20 ممالک کے قرضہ معطلی پروگرام کے تحت جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون کو واجب الادا 26.150 ملین ڈالر کے قرضہ معطل کرنے کے معاہدے پر دستخط سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے سمری کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے یوریا کی درآمد کیلئے تیسرے بین الاقوامی ٹینڈر سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

ای سی سی نے تفصیلی بحث و مباحثہ کے بعد سب سے کم بولی دینے والے میسرز سوئس سنگاپور اوورسیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے 33 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی بولی کی منظوری دے دی جس کے نرخ 551 ڈالر فی میٹرک ٹن ہوں گے۔ اجلاس میں یوکرین کی جنگ میں محصور پاکستانی طلباء کی وطن واپسی کیلئے وزارت امور خارجہ کیلئے 349.38 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ وزارت توانائی پاور ڈویژن کیلئے 8109.77 ملین روپے اور وزارت ہائوسنگ و ورکس کیلئے 8 ہزار ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔