Live Updates

ایرانی حملوں میں ایمیزون انفراسٹرکچر کو تاریخ کا سب سے بڑا نقصان

کمپنی بحرین اور متحدہ عرب امارات میں تباہ شدہ کلاؤڈ ڈیٹا سینٹرز بحال کرنے میں ناکام، متاثرہ صارفین کو دیگر خطوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 ستمبر 2026 16:23

ایرانی حملوں میں ایمیزون انفراسٹرکچر کو تاریخ کا سب سے بڑا نقصان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر 2026ء) دنیا کی سب سے بڑی کلاؤڈ کمپیوٹنگ فراہم کرنے والی کمپنی ایمیزون ویب سروسز (AWS) نے اعتراف کیا ہے کہ ایران جنگ کے دوران ڈرون اور میزائل حملوں میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے شدید نقصان کے باعث وہ بحرین اور متحدہ عرب امارات میں واقع اپنے ڈیٹا سینٹرز کو مکمل طور پر بحال کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایمیزون کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اسٹیٹس اپ ڈیٹ سے پتا چلا ہے کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے اہم ڈیٹا زونز کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا جس کے باعث وہاں موجود کلاؤڈ سروسز بلاک ہو چکی ہیں، ایران جنگ کے دوران بحرین میں ایمیزون کے بنیادی ڈھانچے کو ملٹیپل ایویلیبلٹی زونز میں شدید نقصان پہنچا جو کہ علاقائی اور ملٹی زون سروسز کی ڈیزائن کردہ صلاحیت اور برداشت سے کہیں زیادہ تھا۔

(جاری ہے)

ایمیزون ویب سروسز نے واضح کیا ہے کہ اس نے متاثرہ انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لینے اور ڈیٹا ریکوری کے تمام ممکنہ آپشنز استعمال کرنے کے بعد اب بحرین میں موجود ڈیٹا کو بحال کرنے کی تمام کوششیں ختم کردی ہیں اور وہ اپنے صارفین کو دوسرے خطوں اور ڈیٹا سینٹرز میں منتقل ہونے میں مدد فراہم کر رہی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات میں ایک مخصوص زون کا ڈیٹا مکمل طور پر ناقابلِ رسائی ہو چکا ہے، تاہم کمپنی دیگر زونز کو بحال کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے مہینے میں امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد تہران کی جانب سے خلیجی ریاستوں اور اسرائیل پر کیے گئے جوابی ڈرون و میزائل حملوں سے ایمیزون کے مراکز متاثر ہوئے تھے، امارات میں دو ڈیٹا سینٹرز براہِ راست نشانہ بنے تھے، بحرین میں ایک قریبی ڈرون دھماکے نے عمارت اور آلات کو شدید نقصان پہنچایا تھا، جس سے خطے کا بینکنگ نظام بھی شدید متاثر ہوا تھا۔

ایمیزون نے متاثرہ ممالک کی حکومتوں اور اتھارٹیز کو آگاہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں اعلان کیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں متاثرہ بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کر رہی ہے جس کی اپ ڈیٹ آنے والے مہینوں میں دی جائے گی، جب کہ بحرین میں اپنے آپریشنز کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے کسی بھی قسم کی اگلی بریفنگ ممکنہ طور پر سال 2027ء کے آغاز میں جاری کی جائے گی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات