لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے اور پولیس کو اداکارہ صوفیہ مرزا کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی

پیر 5 دسمبر 2022 14:13

لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے  اور  پولیس کو اداکارہ صوفیہ مرزا کو ہراساں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے اور پولیس کو معروف ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں نے سوموار کوسماعت کی۔

(جاری ہے)

اداکارہ صوفیہ مرزا کے وکیل چوہدری عدنان کلار نے دلائل دئیے کہ سابق شوہر عمر فاروق کے ساتھ بچیوں کی حوالگی کا کیس چل رہا ہے ،پیروی سے باز نہ آنے پر دھمکایا جا رہا ہے،عمر فاروق کے ایما پر پولیس اور ایف آئی اے صوفیہ مرزا کے گھر پر چھاپے مار رہی ہے،عمر فاروق محکمہ امیگریشن کی ملی بھگت سے بچیوں کو بیرون ملک لے گیا ہے،عدالت نے عمر فاروق کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عدالتی اشتہاری بھی قرار دے رکھا ہے،نادرا نے ملزم کا شناختی کارڈ عدالتی حکم کی روشنی میں بلاک کر رکھا ہے،عدالت پولیس کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات صادر کرے۔

تھانہ کیولری گراونڈ کے ایس ایچ او نے جواب داخل کرواتے ہوئے بتایا کہ پولیس صوفیہ مرزا کو ہراساں نہیں کررہی نہ ہی اس کے خلاف کوئی درخواست ہے۔عدالت نے ایف آئی اے اور پولیس کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔