آٹے کے تھیلے کی زائد قیمت پر بلیک میں فروخت ،سیف سٹی کے کیمرے خراب ہونے کیخلاف 2 قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 5 دسمبر 2022 15:46

آٹے کے تھیلے کی زائد قیمت پر بلیک میں فروخت ،سیف سٹی کے کیمرے خراب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2022ء) لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے کیمرے خراب ہونے اور آٹے کے تھیلے کی زائد قیمت پر بلیک میں فروخت کیخلاف 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسملبی سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے 2200کیمرے میں خراب ہیں جس سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ چار سال سے پنجاب حکومت سیف سٹی اتھارٹی کے خراب کیمرے ٹھیک نہیں کراسکی، ہر ماہ پنجاب حکومت کہتی ہے کہ عالمی کمپنی سے کیمروں کی مرمت کا معاہدہ ہونے والا ہے، لیکن چار سال بعد بھی کیمرے ٹھیک کرنے کیلئے کسی کمپنی سے معاہدہ نہیں ہوسکا ۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیف سٹی اتھارٹی فوری طور پر خراب کیمروں کی مرمت کرائے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں آٹے کی قیمت میں ہوش شربا اضافہ ہوگیا ہے، 20کلو آٹے کا تھیلا 1400روپے اور چکی کا آٹا 125روپے کلو فروخت ہورہا ہے، عام مارکیٹ میں آٹے کی قلت میں ہر روز تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، پنجاب حکومت اور محکمہ خوراک آٹے کی کمی کا کوئی نوٹس نہیں لے رہے، شہری ایک کلو آٹے کو بھی ترس گئے ہیں، آٹے کی قلت سے سب سے زیادہ دیہاڑی اور مزدور متاثر ہورہا ہے۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں آٹے کی کمی کو فوری پورا کیا جائے اور مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔