پنجاب اسمبلی اجلاس ،رولز معطل کرا کے چار مسودات قوانین کی منظوری لے لی گئی

گورنر کی جانب سے واپس بھجوائے گئے پنجاب منسٹر سیلریز، الائونسز اینڈ پرولیج ترمیمی ری پیل بل 2022 کی بھی منظوری تین نئے مسودات قوانین متعارف ، 2018-19،2019-20کی آڈٹ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی گئیں،اجلاس19دسمبر تک ملتوی

پیر 5 دسمبر 2022 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2022ء) پنجاب اسمبلی کے ایوان میں رولز معطل کرا کے چار مسودات قوانین کی ایوان سے منظوری لے لی گئی ،گورنر پنجاب کی جانب سے واپس بھجوائے گئے پنجاب منسٹر سیلریز، الائونسز اینڈ پرولیج ترمیمی ری پیل بل 2022 کو دوبارہ پیش کر کے ایوان سے منظور ی لے لی گئی ،ایوان میں تین نئے مسودات قوانین بھی متعارف کرائے گئے جنہیں سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ طلب کرلیا ۔

13روز کے بعد منعقد ہونے والاپنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے 2گھنٹے 18منٹ کی تاخیر سے سپیکر محمد سبطین خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں سابقہ سینیٹر نجمہ حمید کی وفات پر ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی ۔بعد ازاں طاہر خلیل سندھو نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے 18ممبران کی رکنیت 15اجلاسوں کے لئے معطل کی گئی ہے جس کی رولز میں اجازت نہیں ۔

(جاری ہے)

سپیکر اس معطلی کو ختم کر سکتے ہیں ۔جس پر سپیکر نے طاہر خلیل سندھو اور صوبائی وزیر راجہ بشارت کوا پنے چیمبر میں بلا لیا ۔طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ اگر کسی ممبر پر پابندی لگتی ہے تو اس غلطی کو دوبارہ کرنے پر پندرہ روز کی پابندی لگ سکتی ،پندرہ نشستوںکے لیے پابندی کا رولز میں کہیں ذکر نہیں ۔اجلاس میںصوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے ڈی او سپورٹس گوجرانولہ اور سرگودھا ،ضلع نارووال کے سکولوں کے نان سیلری بجٹ کی فراہمی ،ضلع حافظ آباد اور جہلم کے غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب کی سال 2018-19 ،گوجرانولہ ، لاہور ، راولپنڈی اور سرگودھا ریجن کی میونسپل کمیٹیوں کے حسابات کی سال 2018-19 اورپنجاب کے 19 اضلاع کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے حسابات کی سال 2019-20 کی آڈٹ رپورٹس ایوان میں پیش کیں۔

اجلاس میںدی پنجاب ٹرسٹس ترمیمی بل 2022 ایوان میں پیش کیا گیا جس کی اسمبلی رولز معطل کر کے منظوری دے دی گئی ،ایون میں دی پنجاب امپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبیلٹی بل 2022، دی متحدہ علماء بورڈ پنجاب بل 2022 بھی پیش کیا گیا ان کی بھی اسمبلی رولز معطل کر کے ایوان سے منظوری لے لی گئی ۔ایوان میں ایجنڈے سے ہٹ کرپرونشل موٹر وہیکلز ترمیمی بل 2021 بھی منظوری کے لیے پیش کیا گیا اور اسے بھی رولز معطل کرکے منظور کر لیا گیا۔

گورنر پنجاب کی جانب سے واپس بھجوایا گیا پنجاب منسٹرز سیلریز، الاونسزاینڈ پریویلجز ترمیمی رپیل بل 2022 بھی ایوان میں دوبارہ پیش کیا گیا اور اسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔اپوزیشن کی جانب سے اس بل کی مخالفت بھی کی گئی ۔مزید براں اجلاس میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2022، دی گرینڈ ایشین یونیورسٹی آف سیالکوٹ ترمیمی بل 2022اور دی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور ترمیمی بل 2022 ایوان میں متعارف کرائے گئے جنہیں سپیکر محمد سبطین خان نے متلعقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے دو ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس کے ایجنڈے پر موجودہ سیاسی صورت حال اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر عام بحث ہونا تھی جسے سپیکر نے ممبران کی رائے سے اگلے اجلاس تک کے لیے ملتوی کر دیا ۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر محمد سبطین خان نے اجلاس 19 دسمبر 2022 بروز پیر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا ۔