ضلع شانگلہ میں بشام اور پورن کے علاقوں میں پولیس سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دن رات الرٹ رہے گی،آر پی او ملاکنڈ سجاد خان

منگل 6 دسمبر 2022 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان کی ہدایت پرضلعی پولیس سربراہ محمد عمران کی نگرانی میں شانگلہ کے علاقوں پورن اور بشام میں پولیس نے سر چ اینڈ سٹرائیک آپریشن کئے ، مذکورہ آپریشنز متعلقہ سب ڈویژنل پولیس افسران کی قیادت میں بشام، مارتونگ،دندئی اور چکیسر کے تھانوں کے حدود میں پولیس نے سماج دشمن عناصر کیخلاف پہاڑی علاقوں،جٹکول،سرکول،گونگر، شنگ، ڈنڈہ، ٹوکا،کوز باٹکوٹ، سیروڑ، شوا، لوسر اور تیتوالان کے حدود میں کئے گئے جن میں تقریباً 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی،پولیس آپریشنز کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں دو مقدمات بھی درج کئے گئے جبکہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرکے ان کو گرفتار کیا گیا،اس طرح کرایہ داری ایکٹ 2014 کے تحت بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس افسران نے علاقہ معززین کیساتھ ملاقات بھی کی اور ان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک افراد پر کھڑی نظر رکھیں اور علاقہ میں امن بحال رکھنے کے سلسلے میں پولیس سے تعاون کرے،انھوں نے کہا کہ کسی کو بھی نقص امن کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس کے سرچ آپریشن جاری رہیں گے،مذکورہ پولیس سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن پر ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ ریجن میں بہتر امن کا قیام بحال رکھنا ہمارا عزم ہے اور ہم کسی بھی طرح سماج دشمن عناصر کیلئے نرمی کی گنجائش نہیں چھوڑ سکتے،انھوں نے کہا کہ پولیس دن رات عوام کے تحفظ کیلئے الرٹ رہے گی اور ریجن میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات میں ملوث مافیاز کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،انھوں نے کہا کہ عوام علاقے میں پائیدار امن کو بحال رکھنے پر مطمئن رہے کیونکہ انکی پولیس اور سیکورٹی ادارے الحمدللہ جاگ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :