تھانہ شاہ پور پولیس نے شہر کے نواحی اور اطراف کے علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے ڈیلروں کو گرفتار کر لیا

منگل 6 دسمبر 2022 21:35

تھانہ شاہ پور پولیس نے شہر کے نواحی اور اطراف کے علاقوں میں  منشیات ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) تھانہ شاہ پور پولیس نے شہر کے نواحی اور اطراف کے علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے ڈیلروں کو گرفتار کر لیا، گرفتار دونوں ملزمان پشاور کے رہائشی ہیں جوکہ مخصوص گاہکوں سے موبائل فون پر آرڈر حاصل کرکے موٹرسائیکل کے ذریعے منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہیں، جن کا تعلق منظم منشیات ڈیلرز گروہ سے ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جن کے قبضہ سے 7کلو گرام سے زائد چرس اور منشیات سپلائی میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہے، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہ پور پولیس کو اطلا ع ملی تھی کہ نواحی اور متصل و رہائشی علاقوںمیں مخصوص گاہک کو منشیات سپلائی کرنے کی کوشش کی جائیگی،جس پر ایس ایچ اوتھانہ شاہ پور عبدالعلی نے سروس روڈ ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو روک کرتلاشی لینے پر ملزمان کے قبضے سے7کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

کاروائی کے دوران دو ملزمان جمال اکبر ولد حاجی اکبر اور انیس ولد درویش کو گرفتار کرلیا،گرفتار دونوں ملزمان پشتخرہ کے رہائشی ہیں جوکہ مخصوص گاہکوں سے موبائل پر آرڈر حاصل کرکے ان کو موٹرسائیکل کے زریعے منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہیں، جن کا تعلق منظم منشیات ڈیلرز گروہ سے ہے۔

گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔